امریکہ میں ٹیلی ویژن پروگرامز کے لیے ممتاز ترین تصور ہونے والے اعزاز ایمی ایوارڈز کی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے اور ایوارڈ حاصل کرنے والوں کا اعلان اتوار کو تقریب میں کیا جائے گا۔
رواں برس 73 ویں ایمی ایوارڈز کے لیے مختلف کیٹیگریز میں سب سے زیادہ نامزدگیاں ’دی کراؤن‘ اور ’مینڈالورین‘ نامی سیریز نے حاصل کی ہیں۔ ان دونوں سیریز کو 24 کیٹگریز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کامیڈی شو ’ٹیڈ لاسو‘ کو 20 نامزدگیاں حاصل ہوئی ہیں۔
ایمی ایوارڈ کے سب سے بڑے ایوارڈ بہترین ڈرامہ سیریز کے لیے ’دی کراؤن‘ اور اسٹار وارز کے مقبول کردار بے بی یوڈا کی کہانی پر مبنی سیریز ’دی مینڈالورین‘ میں سخت مقابلہ ہے۔
اس کیٹیگری میں برجرٹن، دی بوائز، دی ہینڈ میڈز ٹیل اور لوکرافٹ کنٹری ہیں جب کہ مین اسٹریم نیٹ ورک کی واحد سیریز ’دس از اس‘ بھی اس کیٹیگری میں شامل ہے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ اس سال برطانوی ساکر ٹیم کے امریکی کوچ کی کہانی پر مبنی مزاحیہ شو ’ٹیڈ لاسو‘ اور برطانوی شاہی خاندان کے حالات پر مبنی سیریز ’دی کراؤن‘ سب سے زیادہ ایوارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہیں گے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق وبا کے دوران لاک ڈاؤن اور زیادہ سے زیادہ گھروں تک محدود رہنے کی وجہ سے ٹیلی ویژن کے ناظرین میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔
امریکہ میں ٹی وی پر مقبول ہونے والے شوز کے لیے ایمی ایوارڈز کی تقریب ہر سال لاس اینجلس میں منعقد ہوتی ہے۔ البتہ گزشتہ دو برس سے وبا کے باعث اس کی روایتی رونقیں ماند پڑ گئی ہیں۔
سن 2020 میں ایمی ایوارڈ کی ورچوئل تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں دنیا بھر سے فن کاروں نے آن لائن شرکت کی تھی۔
رواں سال یہ ایوارڈ محدود پیمانے پر منعقد کیے جا رہے ہیں اور اس میں صرف 500 افراد ہی شریک ہو سکیں گے۔ جب کہ ماضی میں ایمی ایوارڈز کی تقریب میں شرکت کرنے والوں کی تعداد چار ہزار تک ہوتی تھی۔ ایمی ایوارڈز جیتنے والوں کے ناموں کا اعلان اتوار 19 ستمبر کو کیا جائے گا۔
ویکسی نیشن، ٹیسٹنگ اور ماسک کی شرائط کے باوجود کئی فن کار اس سال بھی اپنی طبی تحفظ کی وجہ سے ایوارڈ کی تقریب میں شریک نہیں ہو رہے۔
منتظمین کے مطابق سب سے زیادہ نامزدگیاں حاصل کرنے والی برطانوی سیریز ’دی کراؤن‘ کے زیادہ تر فنکار لندن ہی سے آن لائن تقریب میں شریک ہوں گے۔
ایمی ایوارڈز ہر سال امریکہ میں ٹیلی ویژن پر پیش کیے گئے نمایاں پروگرامز کو دیا جاتا ہے۔ یہ ایوارڈز امریکہ کی اکیڈمی آف ٹیلی وژن آرٹس اینڈ سائنسز کی جانب سے دیے جاتے ہیں۔ ان ایوارڈز کا آغاز 25 جنوری 1949 کو ہوا تھا۔