رسائی کے لنکس

ٹنڈولکر، ایلن ڈونلڈ، فٹس پیٹرک آئی سی سی 'ہال آف فیم' میں شامل


سچن ٹنڈولکر آئی سی سی 'ہال آف فیم' میں شامل ہونے والے چھٹے بھارتی کرکٹر ہیں۔
سچن ٹنڈولکر آئی سی سی 'ہال آف فیم' میں شامل ہونے والے چھٹے بھارتی کرکٹر ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر, جنوبی افریقہ کے ایلن ڈونلڈ اور آسٹریلوی وومن کرکٹر کیتھرین فٹس پیٹرک کو 'ہال آف فیم' میں شامل کرلیا ہے۔

لندن میں آئی سی سی کی جانب سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے دوران سابق کرکٹرز کو یادگاری اسناد دی گئیں۔

دنیائے کرکٹ میں نمایاں کارکردگی پیش کرنے والے کھلاڑیوں کو آئی سی سی 'ہال آف فیم' میں شامل کیا جاتا ہے۔

سچن ٹنڈولکر آئی سی سی 'ہال آف فیم' میں شامل ہونے والے بھارت کے چھٹے کھلاڑی ہیں، اس سے قبل بیشان سنگھ بیدی، کپل دیو، سنیل گواسکر، انیل کمبلے اور راہل ڈریوڈ شامل اس کلب کا حصہ ہیں۔

آئی سی سی کے قواعد کے مطابق 'ہال آف فیم' میں شامل ہونے کے لیے کھلاڑی کی ریٹائرمنٹ کو کم سے کم پانچ سال کا عرصہ ہونا ضروری ہے۔

سچن ٹنڈولکر نے 2013 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا اور ان کی ریٹائرمنٹ کو پانچ سال مکمل ہونے کے بعد انہیں آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل کیا گیا ہے۔

سچن ٹنڈولکر کے پاس ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز اور مجموعی طور پر سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔

انہوں نے 200 ٹیسٹ میچز میں بھارت کی نمائندگی کی اور 51 سنچریوں اور 68 نصف سنچریوں کی بدولت 15 ہزار 921 رنز بنائے۔

ٹنڈولکر نے 463 ایک روزہ میچز میں 18 ہزار 426 رنز بنائے جس میں 49 سنچریاں اور 96 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ بولر ایلن ڈونلڈ کو بھی آئی سی سی 'ہال آف فیم' میں شامل کیا گیا ہے۔

ایلن ڈونلڈ نے 2004 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا اور وہ جنوبی افریقہ کے پہلے بولر تھے جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 300 اور ون ڈے میں 200 وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلوی ویمن ٹیم کی سابق فاسٹ بولر فٹس پیٹرک آٹھویں خاتون کرکٹر ہیں جنہیں آئی سی سی 'ہال آف فیم' کلب میں شامل کیا گیا ہے۔

فٹس پیٹرک نے اپنے 16 سالہ کیرئیر میں 180 وکٹیں حاصل کیں جو ویمن کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی بولر کی سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔

XS
SM
MD
LG