رسائی کے لنکس

تھائی لینڈ: ریڈشرٹس لیڈر پولیس کا گھیرا توڑ کر نکل گئے


تھالی لینڈ میں عہدے داروں کا کہنا ہے کہ وہ اس بارے میں تحقیقات کریں گے کہ کس طرح حکومت مخالف مظاہرین کے تین راہنما اس ہوٹل سے بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوئے جسے سیکیورٹی فورسز نے اپنے گھیرے میں لے رکھا تھا۔

ریڈشرٹ نامی تحریک کے تین میں سے ایک راہنما جمعے کے روز رسے کی مدد سے تین منزلیں نیچے اترا اور اس سے پہلے کہ پولیس قریب پہنچ کراسے گرفتار کرتی ، اس کے حامی اسے تیزی سے وہاں سے لے گئے۔

وہ بعد ازاں اس علاقے میں واپس آیا اوراس نے ایک ویگن کی چھت پر کھڑے ہوکر مجمع سے خطاب کیا۔ اس نے وزیراعظم ابھیشیت وجے جیوا کو گرانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ریڈشرٹ تحریک کے دوسرے دو راہنما ، مظاہرین کی جانب سے دو پولیس اہل کاروں کو کچھ دیر کے لیے روکنے جانے کے موقع پروہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

وزیرا عظم ابھیشیت وجے جیوا نے مظاہرین کے راہنماؤں کو پکڑنے کی کوشش میں ناکامی کے بعد ٹیلی ویژن کے لیے اپنا طے شدہ بیان مؤخر کردیا ۔

زیادہ ترمظاہرین سابق وزیراعظم تھاکسن شنوترا کے حامی ہیں جنہیں 2006ء میں برطرف کردیا گیاتھا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ مسٹر ابھیشیت کو غیر قانونی طریقے سے اس منصب پر بٹھایا گیا ہے اور وہ ان کے استعفیٰ کا مطالبہ کررہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG