رسائی کے لنکس

’ریلیکٹنٹ فنڈامنٹلسٹ‘ ریلیز کے لیے تیار


فلم ’ریلیکٹنٹ فنڈامنٹلسٹ ‘ کی پروڈیوسر کہتی ہیں کہ یہ فلم ’ہیومن تھرلر‘ ہے۔ فلم کی کہانی ایک ایسے پل کا کردار ادا کرتی نظر آتی ہے جو ہماری دنیا اور امریکا کے بیچ باندھا گیا ہے۔۔۔۔

بالی ووڈ کوروایتی موضوعات سے ہٹ کر کئی کامیاب فلمیں دینے والی ڈائریکٹر میرا نائر کی نئی فلم ’دی ریلیکٹنٹ فنڈا مینٹلسٹ‘ کے چرچے فلم کی ریلیز سے قبل ہی ہرایک کی زبان پر عام ہیں اور سبھی فلم کی ریلیز کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں۔

اس غیر معمولی دلچسپی کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ یہ فلم پاکستانی ادیب محسن حامدکے بین الاقوامی ایوارڈ یافتہ ناول ’دی ریلیکٹنٹ فنڈامنٹلسٹ‘ پر بنائی گئی ہے اور اس میں پاکستانی اور بھارتی ستارے ایک ساتھ کام کررہے ہیں۔

پاکستانی سنگر میشا شفیع نے نہ صرف فلم میں آواز کا جادو جگایا ہے بلکہ اداکاری بھی کی ہے۔۔ یوں اس فلم کو پاکستانی اور بھارتی ستاروں کی کہکشاں کہا جاسکتا ہے۔

بھارتی ویب سائٹ ’گلیم شیم‘ کے مطابق ہالی ووڈ کے مشہور ڈسٹریبوٹر پی وی آر پکچرز کے تحت فلم 17مئی کو ریلیز ہو گی۔ ’ریلیکٹنٹ فنڈامنٹلسٹ‘ کی ایک اور خاص بات یہ بھی ہے کہ اس کی شوٹنگ ایک سے زیادہ ملکوں میں کی گئی ہے۔

میرا نائر بھی فلم کے بارے میں بہت پُرجوش ہیں۔ انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیاء میرے دل میں بستا ہے اور اس سے جڑے مختلف موضوعات پر میں نے بہت سی فلمیں بنائی ہیں لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ ’ریلیکٹنٹ فنڈامنٹلسٹ‘ کی شکل میں، میں نے ’ہیومن تھرلر‘ فلم بنائی ہے۔فلم کی کہانی ایک ایسے پل کا کردار ادا کرتی نظر آتی ہے جو ہماری دنیا اور امریکا کے بیچ باندھا گیا ہے۔

نائر کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع ہے جب کسی بھارتی ڈائریکٹر نے پاکستانی فلم بنائی ہے جو کئی براعظموں میں فلمائی گئی ہے۔ اس میں ہالی ووڈ کے اے لسٹ ٹیلنٹ سے لے کر بالی وڈ کے لیجنڈری اداکاروں تک کو یکجا کیا گیا ہے۔

ریلکٹنٹ فنڈامنٹلسٹ‘ کے میوزک کو آفاقی کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ اس میں فیض کی نظموں سے لے کر سرحدوں کی قید سے آزاد صوفی قوالی اور مغربی میوزک تک۔۔۔ دل پر چھا جانے والی موسیقی کا ہر رنگ ملے گا۔

ریلیکٹنٹ فنڈامنٹلسٹ کی کہانی داستان ہے ایک ایسے نوجوان کی جس کا خواب وال اسٹریٹ پر کارپوریٹ دنیا میں کامیابی پانا ہے۔ نائن الیون کی ٹریجڈی کے بعد یہ نوجوان اپنے آپ کو ایک ایسی صورتحال میں گھرا پاتا ہے جہاں ایک طرف تو اس کا آبائی وطن ہے تو دوسری جانب اس کا امریکی خواب۔۔ اسی کشمکش کو میرا نائر نے اپنی مہارت کے ذریعے بہت خوبصورت انداز میں پیش کیا ہے۔

فلم کی شوٹنگ لاہور، استبول، نیویارک، اٹلانٹا اور دہلی میں کی گئی ہے۔ فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں ریاض احمد، کیٹ ہڈسن، کیفر سدرلینڈ، لی شربر، شبانہ اعظمی اور اوم پوری۔
XS
SM
MD
LG