رسائی کے لنکس

38 برس بعد کرسمس پر چودہویں کا چاند


ناسا کے گوڈارڈ خلائی پرواز سینٹر میں چاند اور سورج گرہن کے ماہر فریڈ ایسپیناک نے ویدر چینل کو بتایا کہ 1977ء کے بعد یہ پہلا موقع ہو گا جب کرسمس کے موقع پر پورا چاند آسمان پر ہو گا اور ​2034ء تک ایسا دوبارہ نہیں ہو گا۔

اگرچہ ہر قمری ماہ کی چودہ تاریخ کو چاند اپنی شکل مکمل کر لیتا ہے لیکن دسمبر کا پورا چاند چونکہ سال کا آخری چاند ہوتا ہے اس لیے ویسے ہی کچھ خاص ہو جاتا ہے۔ اس برس ناسا کے ماہرین کا کہنا ہے کہ دسمبر کا پورا چاند بہت زیادہ خاص ہے کیونکہ اس سال کرسمس کے تہوار پر روشنیاں صرف زمین پر نہیں ہوں گی بلکہ آسمان بھی مکمل چاند جگمگائے گا۔

ناسا کے گوڈارڈ خلائی پرواز سینٹر میں چاند اور سورج گرہن کے ماہر فریڈ ایسپیناک نے ویدر چینل کو بتایا کہ 1977ء کے بعد یہ پہلا موقع ہو گا جب کرسمس کے موقع پر پورا چاند آسمان پر ہو گا اور ​2034ء تک ایسا دوبارہ نہیں ہو گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ اس کے بعد یہ نظارہ ہر 19 سال بعد کرسمس کے دن پر آسمان پر ظاہر ہو گا۔

لیکن کیا یہ واقعی 38 برس بعد کرسمس کے دن نمودار ہونے والا پہلا چودہویں کا چاند ہو گا؟ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل 2004ء اور 2007 ء میں بھی کرسمس کے وقت پر مکمل چاند ظاہر ہوا تھا لیکن یہ چاند بالترتیب کرسمس سے ایک روز پہلے اور ایک روز بعد نمودار ہوئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق اس سال کرسمس کے وقت دسمبر کا پورا چاند امریکہ میں کرسمس ایو پر دیکھا جا سکے گا جبکہ برطانیہ کے آسمان پر پورا چاند کرسمس کے روز مقامی وقت کے مطابق شام چھ بجکر گیارہ منٹ پر نمودار ہو گا۔

اس سال کا آخری پورا چاند زمین کے شمالی نصف کرہ یا خط استوی سے اوپر کے نصف کرہ زمین میں ونٹر سولسٹس یعنی سال کے سب سے چھوٹے دن اور طویل ترین رات 22 دسمبر کے تین روز بعد واقع ہو گا۔

اسپیس ڈاٹ کام کے مطابق صدیوں پہلے امریکی قبائل کی تاریخ میں موسموں سے آگاہ رہنے کے لیے ہر مکمل چاند کو فرضی ناموں سے پکارا جاتا تھا خاص طور پر اس ماہ کے نام کے حوالے سے چودہویں کے چاند کو نام دیا جاتا تھا۔

جیسا کہ جنوری کے مہینے میں مکمل چاند کو 'فل وولف مون، فروری کے چاند کو 'فل سنو مون' اور مارچ کے پورے چاند کو 'فل وارم مون' وغیرہ جیسے ناموں کے ساتھ یاد رکھا جاتا تھا۔

دسمبر کے آخری پورے چاند کو بھی عرفیت کے ساتھ پکارا جاتا ہے اس مہینے میں چودہویں کے چاند کو لمبی رات کا مکمل چاند اور سرد رات کا مکمل چاند کہا جاتا ہے۔

سال کے اس آخری پورے چاند کو طویل ترین رات کا مکمل چاند اس لیے بھی کہا جاتا ہے کیونکہ یہ آسمان پر زمین اور سورج کے مقابلے میں چاند کی پوزیشن کو اظاہر کرتا ہے۔

شمالی نصف کرہ میں موسم سرما میں ونٹر سولسٹس اس وقت کو ظاہر کرتا ہے جب سورج آسمان پر نیچے نظر آتا ہے کیونکہ سال کے اس وقت آسمان پر چاند سورج سے اوپر دکھائی دیتا ہےجبکہ دسمبر کے مکمل چاند کی کمان آسمان میں لمبی ہوتی ہے اور آسمان کے پار اس کا مدار بلند ہوتا ہے۔

XS
SM
MD
LG