رسائی کے لنکس

امریکی جیلوں میں قید ہزاروں افراد سرکاری خرچ پر تعلیمی ڈگری حاصل کریں گے


Left Behind Bars Pell Grants
Left Behind Bars Pell Grants

امریکہ میں ہزاروں انڈر گریجوایٹ قیدی اپنی گریجوایشن کی ڈگریاں قید کے دوران حاصل کرتے ہیں ، جن میں سے بیشتر کے تعلیمی اخراجات کی ادائیگی وفاقی پیل گرانٹ پروگرام کے تحت کی جاتی ہے۔ اگلے ماہ اس پروگرام کو توسیع دے کر جیل میں قید لگ بھگ 30 ہزا ر انڈر گریجوایٹ طالبعلموں کے لیے سالانہ 13 کروڑ ڈالر خرچ کیے جائیں گے ۔

پیل گرانٹ وفاقی حکومت کا وہ پروگرام ہے جس کے تحت امریکہ بھر میں کسی بھی مقام پر موجود انتہائی ضرورت مند انڈر گریجوایٹ طالبعلوں کو اپنے تعلیمی اخراجات کے لئے امداد فراہم کی جاتی ہے جسے انہیں واپس نہیں کرنا پڑتا۔

امریکہ میں قیدیوں کی گریجو ایشن تک تعلیم کا آغاز 1970 اور 1980 کے عشرے میں، تعلیم کے ذریعے قیدیوں کی اصلاح کے پروگراموں کے تحت ہو ا تھا ۔

پیل گرانٹ سے جیل میں ڈگری حاصل کرنے والے مینوئیل مارٹینیز، کیلیفورنیا کی جیل میں اپنے سیل کے باہر۔ فوٹو اے پی 25 مئی 2023
پیل گرانٹ سے جیل میں ڈگری حاصل کرنے والے مینوئیل مارٹینیز، کیلیفورنیا کی جیل میں اپنے سیل کے باہر۔ فوٹو اے پی 25 مئی 2023

ان پروگراموں کے تحت انڈر گریجوایٹ قیدیوں کو جیل کے اندر تعلیم فراہم کی جاتی تھی جس کے اخراجات وفاقی تعلیمی پروگرام ، پیل گرانٹ سے ادا کیے جاتے تھے ۔

لیکن 1994 میں ,پر تشدد جرائم پر کنٹرول اور نفاذ قانون کے ایکٹ کی منظوری کےبعدقیدیوں کے کالجوں کے کورسز کی ادائیگی کے لئے فراہم کی گئی وفاقی پیل گرانٹ پر پابندی عائد کر دی گئی جس کےنتیجے میں ملک بھر میں قیدیوں کی تعلیم کے سینکڑوں پروگرام بند ہو گئے جو اس فنڈنگ پر انحصار کرتے تھے۔

تاہم 2020 میں کانگریس نے اس پابندی کو ختم کیا اور اس وقت سے اب تک امریکہ کی 48 ریاستوں، واشنگٹن ڈی سی اور پورٹو ریکو میں تقریباً 200 ایسے پروگرام جاری ہیں جو پیل گرانٹ سے چلتے ہیں جن کی مدد سے مختلف کالج اور یونیورسٹیاں ملک بھر کی جیلو ں کے اندر قیدیوں کی تعلیم کا بندو بست کرتی ہیں ۔

پیل گرانٹ کے تحت گریجوایشن کرنے والے قیدی، فائل فوٹو
پیل گرانٹ کے تحت گریجوایشن کرنے والے قیدی، فائل فوٹو

صدر بائیڈن نے حالیہ برسوں میں قیدیوں کے لئے پیل گرانٹ کی فراہمی کی زبردست حمایت کی ہے ۔ اور قیدیوں کے لئے پیل گرانٹ کی تازہ توسیع ، اس سلسلے میں ان کی جانب سے کی گئی کوششوں کی عکاس ہے ۔

اگرچہ جیلوں میں ترتیب دی جانے والی کلاسز میں قیدی اپنی جیل کی وردی ہی میں ہوتے ہیں تاہم اس سے قطع نظر ،یہ کلاسز اسی طرح ہوتی ہیں جیسے کسی بھی کالج کے اندر ترتیب دی جانےوالی کوئی کلاس۔ انسٹرکٹرز ان قیدی طالبعلمو ں کو اسی طرح پڑھاتے اور اسائنمنٹس دیتے ہیں جیسے وہ کسی کیمپس کے طالبعلموں کو دیتے ہیں۔

پیل گرانٹ کے تحت گریجو ایشن کرنے کی تیاری میں مصروف ایک قیدی، فائل فوٹو
پیل گرانٹ کے تحت گریجو ایشن کرنے کی تیاری میں مصروف ایک قیدی، فائل فوٹو

کیلی فورنیا کے قیدیوں کی اصلاح اور بحالی کے ڈپارٹمنٹ ، سی ڈی سی آر نے اس موسم بہار میں بیچلرز ڈگری کے پروگراموں میں 200 قیدی طالبعلموں کو داخل کیا ہے اور اس نے ریاست بھر کی آٹھ یونیورسٹیوں کے ساتھ شراکت داری کی ہے ۔ڈپارٹمنٹ کے پریس سیکرٹری ٹیری ہارڈی نے کہا ہےکہ ان پروگراموں کا مقصد تعلیم کے ذریعے قیدیوں کی زندگیوں کو تبدیل کرنا ہے ۔

امریکی وزیر تعلیم میگوئل کارڈونا نے اے پی کو ایک تحریری بیان میں کہا کہ امریکہ کو قیدیوں کودوسرا موقع فراہم کرنے والا ایک ملک بننے کے لئے اور ان لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے تعلیمی پروگرام برقرار رکھنے چاہئیں جو فوجداری نظامِ انصاف سے متاثر ہوئے

ہیں ۔

(اس خبر کے لیے مواد اے پی سے لیا گیا ہے)

XS
SM
MD
LG