رسائی کے لنکس

چینی حکومت پر تنقید کرنے والی لڑکی کا ٹک ٹوک اکاؤنٹ بحال


وڈیو ایپ، ٹک ٹوک نے ایک مسلمان امریکی لڑکی کا اکاؤنٹ بند کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے اور تسلیم کیا ہے کہ اس سے غلطی ہوئی تھی۔ نیو جرسی سے تعلق رکھنے والی ٹین ایجر فیروزہ عزیز نے ٹک ٹوک پر اپ لوڈ کی گئی ویڈیو میں چین میں ایغور مسلمانوں کے ساتھ سلوک کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

اس واقعے سے ایک بار پھر یہ خدشات پیدا ہوئے ہیں کہ کیا ٹک ٹوک کی مالک چینی کمپنی بائٹ ڈانس چینی حکومت کی سنسرشپ سے متعلق ہدایات پر عمل کرتی ہے۔ بائٹ ڈانس نے ان الزامات کی ہمیشہ نفی کی ہے۔

ٹک ٹوک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 17 سالہ فیروزہ کا اکاؤٴنٹ اس لیے بند نہیں کیا گیا تھا کہ وہ چین کے نظربندی مراکز کی بات کر رہی تھی، بلکہ اس کا سبب یہ تھا کہ اس نے گزشتہ ہفتے ایک پرانے اکاؤنٹ سے ایک وڈیو پوسٹ کی تھی جس میں اسامہ بن لادن کی ایک تصویر بھی تھی۔

پرانا اکاؤنٹ بند ہونے پر فیروزہ عزیز نے نیا اکاؤنٹ بنایا اور اس پر پوسٹ کی گئی ویڈیو چینی مسلمانوں کی حالت زار پر تبصرہ کیا۔ وہ وڈیو وائرل ہونے کے بعد ٹک ٹوک نے ایسے ڈھائی ہزار اکاؤنٹ بند کیے جن سے دہشت گردی کا مواد اپ لوڈ کیا گیا تھا۔ اس کی زد میں فیروزہ کا نیا اکاؤنٹ بھی آگیا۔ لیکن، ان کی ویڈیوز بدستور دیکھی جا سکتی ہیں۔

فیروزہ نے ٹک ٹوک کی وضاحت قبول کرنے سے انکار کیا ہے اور ٹوئیٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نہیں سمجھتیں کہ ان کا اکاؤنٹ کسی پرانی ویڈیو کی وجہ سے بند کیا گیا۔

اس کے بعد ٹک ٹوک پر ان کی وڈیو 50 منٹ تک غائب رہی۔ کمپنی نے اس پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انسانی غلطی تھی اور جان بوجھ کر یہ کارروائی نہیں کی گئی۔

XS
SM
MD
LG