امریکہ کے صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ حکام اس بارے میں چھان بین کررہے ہیں کہ آیا نیو یارک شہر کے ٹائمز سکوئر میں کار بم سے دھماکے کی ناکام کوشش میں ملوث مشتبہ شخص کا دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ کوئى تعلق ہے۔
مسٹر اوباما نے منگل کے روز واشنگٹن میں ممتاز کاروباری شخصیتوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ” انصاف ضرور کیا جائے گا“۔ اور حکام ، امریکیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہر وہ کام بدستور کرتے رہیں گے جو اُن کے اختیار میں ہے۔
ایک پاکستانی نژاد امریکی شہری کو نیو یارک شہر کے ٹائمز سکوئر میں کار بم کا دھماکا کرنے کی ایک ناکام کوشش کے سلسلے میں باضابطہ الزامات کا سامنا کرنے کے لیے منگل کے روز ہی کسی وفاقی عدالت میں پیش کردیا جائے گا۔
نفاذِ قانون کے ذمّے دار عہدے داروں نے کہا ہے کہ 30سالہ فیصل شہزاد کا اگرچہ دعویٰ ہے کہ اُس نے تنہا دھماکا کرنے کی کوشش کی تھی۔ لیکن حکام کا کہنا ہے کہ وہ بین الاقوامی رابطوں سمیت تمام امکانات کی چھان بین کررہے ہیں۔
اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر نے کہا ہے کہ شہزاد کو پیر کو دیر گئے نیو یارک کے جان ایف کنیڈی انٹرنیشبل ائر پورٹ پر حراست میں لے لیا گیا تھا۔ اُسے متحدہ امارات کی فضائى کمپنی کے ایک ایسے طیارے سے اُتار لیا گیا تھا، جو دبئى کے لیے پرواز کی تیاری کررہا تھا۔
ہولڈر نے کہا ہے کہ تفتیش کار سمندر پار دہشت گرد تنظیموں سے متعلق انٹیلی جینس سمیت، مسلسل اطلاعات جمع کررہے ہیں۔
اس معاملے میں سب سے اہم شہادت وہ موٹر گاڑی ہے ، جو ٹائمز سکوئیر میں کھڑی ملی ہے اور جس میں آتش بازی کا سامان، پروپَین گیس کے ٹینک، پیٹرول ، کیمیاوی کھاد اور مقررہ وقت پر دھماکے کے لیے ٹائمر رکھے ہوئے تھے۔
نفاذِ قانون کے ذمّے دار عہدے داروں نے کہا ہے کہ شہزاد نے ، جو برابر کی ریاست کنے ٹی کٹ میں رہتا تھا، 1993 کی نِسان کی ایس یو وی پاتھ فائینڈرنقد رقم ادا کرکے خریدی تھی۔
حکام نے اس موٹر گاڑی کے رجسٹرڈ مالک کو بھی انٹرویو کیا ہے۔اور انہوں نے کہا ہے کہ اُس شخص نے گاڑی فروخت کر نے کے لیے ویب سائٹ ” کریگ لِسٹ“ پر اشتہار دیا تھا۔
ایف بی آئى کے ایجنٹوں نے کنے ٹی کٹ کے شہر برج پورٹ میں منگل کے روز شہزاد کے گھر کی تلاشی لی ہے۔ حکام نے کہا کہ وہ حال ہی میں پاکستان کے سفر سے واپس لوٹا تھا۔
نیو یارک شہر کے مئیر مائیکل بلُوم برگ نے نامہ نگاروں سے کہا ہے کہ وہ پاکستانیوں یا نیو یارک کے مسلمانوں کے خلاف تعصّب کی کسی کارروائى کو برداشت نہیں کریں گے۔
پاکستان میں طالبان نے اس ناکام حملے کی ذمّے داری کا دعویٰ کیا تھا۔لیکن نیو یارک میں پولیس کا کہنا ہے اس دعوے کے حق میں کوئى شہادت نہیں ملی۔
وائٹ ہاوس نے کہا ہے کہ صدر براک اوباما کو پیر کے روز کئى بار چھان بین کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا اور آدھی رات کے تھوڑی ہی دیر بعد، اُنہیں منگل کی صبح گرفتاری کی اطلاع بھی پہچادی گئى۔
فضائى کمپنی کا کہنا ہے کہ دو اور مسافروں کو بھی اُس طیارے سے اُتار لیا گیا تھا۔ لیکن اخباری اطلاعات میں کہا گیا ہے اُن دونوں آدمیوں کو اس واقعے سے لاتعلق قرار دے دیا گیا ہے۔