ہالی وڈ کے ایکشن ہیرو ٹام کروز نے 30 برس بعد فلمی دنیا کے سب سے بڑے میلے 'کان فلم فیسٹیول' میں شرکت کی ہے۔ اداکار کے استقبال پر فرانسیسی ایئرفورس ایئروبیٹک ٹیم نے کرتب بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسمان پر رنگ بکھیرے۔
اداکار نے اپنی فلم 'ٹاپ گن: میورک' کی پروموشن کے لیے 'کان فلم فیسٹیول' میں شرکت کی۔ 'ٹاپ گن: میورک' کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار ہے۔
فلم 'ٹاپ گن: میورک' کی ریلیز گزشتہ دو برس سے عالمی وبا کرونا وائرس کی وجہ سے تاخیر کا شکار رہی لیکن اب فلم 24 مئی 2022 کو سنیما گھر کی رونقیں بڑھانے کے لیے تیار ہے۔
ایکشن اور ڈرامہ فلم ’ٹاپ گن: میورک‘ 1986 کی فلم 'ٹاپ گن' کا سیکوئل ہے۔ ٹاپ گن میورک میں ٹام کروز نے کیپٹن پیٹر میورک کا کردار ادا کیا ہے۔
یاد رہے کہ ٹام کروز نے آخری بار 1992میں اپنی فلم 'فار اینڈ اوے' کے پریمیئر کے لیے کان فلم فیسٹیول میں شرکت کی تھی۔
بدھ کو ٹام کروز کے متعدد مداح انہیں دیکھنے کے لیے صبح سے ہی کیمپ لگا کر باہر ان کا انتظار کر رہے تھے۔ اور ان کے ساتھ سیلفی بنوانے، آٹو گراف لینے اور انہیں دیکھنے کے لیے بے قرار تھے۔
تھری پیس سوٹ پہنے ٹام کروز کے ساتھ اداکارہ جینیفر کونلی اور مائلز ٹیلر نے ریڈ کارپٹ پر جلوے بکھیرے۔ اس دوران ٹام کروز کے چاہنے والے ان کا نام پکارتے رہے۔
ٹام کروز کو چاہنے والے ایک جوڑے نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اداکار کو دیکھنے کے لیے رات تین بجے سے سفر پر نکل گئے تھے۔
جوڑے نے شمالی انگلینڈ سے اسکاٹ لینڈ تک کا سفر کیا جس کے بعد انہوں نے ہوائی جہاز کے ذریعے ایڈن برگ سے روانہ ہوئے۔
بعدازاں جوڑا ٹام کروز سے ملنے کے لیے ٹرین کا سفر کرتے ہوئے کان پہنچے۔
'کان فلم فیسٹیول' کا معتبر ترین ایوارڈ ٹام کروز کے نام
'کان فلم فیسٹیول' کے دوسرے روز اداکار ٹام کروز کو اعزازی 'پام ڈی اور' ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
فیسٹیول کے سربراہ پیئر لیسکیو نے ٹام کروز کی فلم 'ٹاپ گن: میورک' کی اسکریننگ سے قبل اداکار کے لیے کان فلم فیسٹیول کے معتبر ترین ایوارڈ کا اعلان کیا۔
اس موقع پر حاضرین نے ٹام کروز کو 'اسٹینڈنگ اوویشن' دیا۔ واضح رہے کہ ٹام کروز سے قبل کان فلم فیسٹیول کی جانب سے 15 اعزازی 'پام ڈی اور' ایوارڈز دیے جا چکے ہیں۔
اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' اور 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔