رسائی کے لنکس

قبائلی عوام انتخابات میں ’بڑھ چڑھ‘ کر حصہ لیں: صدر زرداری


صدر زرداری (فائل فوٹو)
صدر زرداری (فائل فوٹو)

صدر زرداری کی طرف سے یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا جب ملک میں سلامتی کے خدشات کے باعث بعض سیاسی جماعتوں کو اپنی انتخابی مہم چلانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں کے عمائدین اور عوام سے کہا ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں بھرپور شرکت کریں۔

ایوان صدر میں پیر کو قبائلی عمائدین کے ایک جرگے سے خطاب میں صدر زرداری نے کہا کہ سیاسی اصلاحات کے بعد پہلی مرتبہ فاٹا میں سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم چلانے کی اجازت ملی ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ سیاسی عمل میں بھرپور شرکت کر کے قبائلی عوام ایسے اُمیدواروں کو کامیاب کروا سکتے ہیں جو اُن کے مسائل کو حل کرانے میں سنجیدہ ہیں۔

’’یہ انتخابات جو ہونے جا رہے ہیں، اس میں آپ بڑھ چڑھ کو حصہ لیں، موت کا جس نے خوف کیا وہ انسان (زندگی) نہیں جی سکتا… اس موقع کو اپنے ہاتھ سے نہیں جانے دینا۔‘‘

صدر زرداری کی طرف سے یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا جب ملک میں سلامتی کے خدشات کے باعث بعض سیاسی جماعتوں کو اپنی انتخابی مہم چلانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

دہشت گردی سے متاثرہ صوبہ خیبر پختونخواہ کی سابق حکمران جماعت عوامی نیشنل پارٹی کے سینیئر رہنما افراسیاب خٹک نے پیر کو ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ اُن کی جماعت کے اُمیدواروں اور کارکنوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جس کا حکومت اور الیکشن کمیشن کو نوٹس لینا چاہیئے۔

’’اگر ہم جلسے نہیں کر رہے ہیں تو اس مطلب یہ ہے کہ ہم اپنی عوام کو خطرے میں نہیں ڈالنا چا رہے ہیں۔‘‘

اُدھر نگراں وزیراطلاعات عارف نظامی نے اپنے ایک تازہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت تمام سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں کو مساوی سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ 11 مئی کو ہونے والے انتخابات کے لیے تمام صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر بھرپور کوشش کی جا رہی ہے کہ سکیورٹی کا ایک مربوط نظام وضع کیا جائے۔
XS
SM
MD
LG