رسائی کے لنکس

ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں کی 365 رنز کی شراکت داری


جان کیمپ بیل اور شائی ہوپ
جان کیمپ بیل اور شائی ہوپ

سہ فریقی سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے آئرلینڈ کو 196 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی لیکن یہ میچ ویسٹ انڈیز کے اوپنرز کی ریکارڈ ساز اوپننگ شراکت داری کے باعث اہم رہے گا۔

ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر 381 رنز بنائے جس میں جان کیمپ بیل کے 179 اور شائی ہوپ کے 170 رنز شامل ہیں۔

جواب میں آئرلینڈ کی ٹیم آدھے رنز بھی نہ بناسکی اور 31 اعشاریہ 4 اوورز میں صرف 185 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

ون ڈے کی سب سے بڑی اوپننگ
جان کیمپ بیل اور شائی ہوپ نے حریف بولرز کو بے حال کرتے ہوئے 48 ویں اوور تک پارٹنرشپ جاری رکھی۔ اس دوران انہوں نے مشترکہ طور پر 365 رنز اسکور کئے جو اب تک کی سب سے بڑی شراکت داری ہے۔ یہ اب تک کی طویل ترین پارٹنر شپ سے 61 رنز زیادہ ہے۔

پاکستان کے فخرزمان اور امام الحق نے جولائی 2018ء میں زمبابوے کے خلاف 304 رنز بنائے تھے جبکہ 12 سال قبل یعنی 2006ء میں سنتھ جے سوریا اور اوپل تھرنگا نے ہیڈنگلے میں انگلینڈ کے خلاف سری لنکن ٹیم کو 285 رنز کا آغاز فراہم کیا تھا۔

ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کا دوسرا بڑا اسکور
381رنز ایک روزہ میچوں میں ویسٹ انڈیز کا دوسرا بڑا اسکور ہے، سب سے بڑا اسکور 389 ہے جو فروری 2019ء میں اس نے انگلینڈ کے خلاف بنایا تھا۔

ون ڈے کی دوسری بڑی شراکت
کیمپ بیل اور شائی کی 365 رنز کی شراکت صرف 7 رنز کے فرق سے ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں کی سب سے بڑی شراکت بننے سے رہ گئی، کرس گیل اور مارلن سموئیلز نے 2015ء میں زمبابوے کے خلاف 372 رنز کی شراکت قائم کی تھی جو اب تک کی سب سے بڑی شراکت ہے۔

بھارت کے سچن ٹنڈولکر اور راہول ڈریوڈ نے 1999ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف 331 رنز بنائے جو تیسری بڑی شراکت ہے۔

آئرلینڈ میں ون ڈے کا سب سے بڑا اسکور
ویسٹ انڈیز کے 3 وکٹوں پر 381 رنز آئرلینڈ میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا مجموعہ بن گیا ہے۔ اس سے قبل 2016ء میں سری لنکا نے 8 وکٹوں پر 377 رنز بنائے تھے۔

آئرلینڈ میں سب سے بڑا انفرادی اسکور
جان کیمپ بیل کے 179 اور شائی ہوپ کے 170 رنز اب آئرلینڈ میں دو بڑے انفرادی اسکور ہیں، اس سے پہلے 2016ء میں افغانستان کے خلاف ایڈ جوئیس کے ناقابل شکست 160 رنز کسی بھی بیٹسمین کا سب سے بڑا اسکور تھا۔

ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں یہ صرف تیسری مرتبہ ہے جب کسی اننگز میں دو بلے بازوں نے 150 سے زائد رنز بنائے ہیں۔

XS
SM
MD
LG