رسائی کے لنکس

سمندری طوفان ایٹا فلوریڈا سے ٹکرا گیا، ساحلی علاقوں میں ایمرجنسی نافذ


سمندری طوفان ایٹا ساحلی شہر میامی سے گزر رہا ہے۔ 8 نومبر 2020
سمندری طوفان ایٹا ساحلی شہر میامی سے گزر رہا ہے۔ 8 نومبر 2020

موسمی سمندری طوفان ایٹا خلیج میکسیکو کے مشرقی حصے سے گزر کراتوار کی رات امریکی ریاست فلوریڈا کے کلیدی ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا ۔ طوفانی ہواؤں کا رخ اب جنوبی مشرقی علاقوں کی طرف ہے۔

سمندری طوفانوں سے متعلق امریکہ کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ ایٹا کے ساتھ چلنے والی ہوائیں ایک سو کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار برقرار رکھے ہوئے ہیں، جن کے ساتھ ہونے والی موسلادھار بارشوں سے جنوبی فلوریڈا کے کئی حصوں میں سیلاب آ گیا ہے اور وہاں جان و املاک کے لیے خطرات بڑھ گئے ہیں۔

موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ پیر اور منگل کو طوفان کی قوت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے لیکن اس کے بعد فلوریڈا کے اندرونی حصوں کی جانب بڑھتے ہوئے اس کی قوت مسلسل گھٹتی جائے گی اور وہ ایک موسمی طوفان کی شکل اختیار کر لے گا۔

ریاست کے حکام نے طوفان کے خطرے کے پیش نظر ساحلی تفریحی مقامات، بندرگائیں اور کرونا وائرس کے ٹیسٹ کرنے کے مراکز بند کر دیے ہیں اور لوگوں کو اپنے گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

فلوریڈا کے گورنر نے طوفان کی زد میں آنے والی کئی کاؤنٹیز میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے تاکہ وہاں دیکھ بھال اور امدادی سرگرمیوں میں تیزی لائی جا سکے۔

ہنڈورس میں ایٹا کے باعث آنے والی سیلاب میں گھرے لوگوں کو محٖفوظ مقامات پر پہنچایا جا رہا ہے۔ 7 نومبر 2020
ہنڈورس میں ایٹا کے باعث آنے والی سیلاب میں گھرے لوگوں کو محٖفوظ مقامات پر پہنچایا جا رہا ہے۔ 7 نومبر 2020

موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایٹا کے باعث مرکزی اور جنوبی فلوریڈا میں جمعے تک 15 سے 30 سینٹی میٹر تک بارشیں ہو سکتی ہیں۔ جب کہ بہاماس، جمیکا اور کیوبا کے علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ایٹا گزشتہ ہفتے جب نکاراگوا ٹکرایا تو اس وقت وہ ایک طاقت ور سمندری طوفان تھا، جس سے پاناما سے میکسیکو تک شدید بارشیں ہوئیں اور کئی علاقوں میں سیلاب آئے۔

گوئٹے مالا میں امدادی کارکنوں نے اتوار کے روز بھی سیلابوں اور مٹی کے تودے گرنے کے نتیجے میں لاپتا ہونے والے افراد کی تلاش جاری رکھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ کم ازکم 27 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ ایک سو سے زیادہ ابھی تک لاپتا ہیں۔

ایٹا سے جنوبی میکسیکو میں 20 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جب کہ ہنڈورس میں بھی کم ازکم 20 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG