امریکہ کی ریپبلکن پارٹی کے صدراتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم نے جمعرات کو تسلیم کیا ہے، کہ صدر اوباما امریکہ ہی میں پیدا ہوئے تھے۔ یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا جب کئی سالوں تک صدر اوباما کی جائے پیدائش کے بارے میں سوالات اٹھائے جاتے رہے۔
ٹرمپ کی انتخابی مہم کے منتظمیں کی طرف سے ایک بیان میں کہا گیا کہ یہ ڈونلڈ ٹرمپ تھے، جنہوں نے صدر اوباما کو مجبور کیا کہ وہ اپنی پیدائش کا سرٹیفیکیٹ جاری کریں اور یہ معاملہ طے پا گیا ہے جسے وہ اوباما کی مدت صدارت کے دوران منظر عام پر لائے تھے۔
ٹرمپ کے ترجمان جیسن ملر نے کہا کہ "بلاشبہ ڈونلڈ جے ٹرمپ نے اس معاملے کو ختم کروایا۔۔۔ (انہوں نے ) کامیابی کے ساتھ صدر اوباما کی پیدائش کا سرٹیفیکیٹ حاصل کیا جب دوسرے یہ کام نہ کر سکے.... ٹرمپ کو یقین ہے کہ صدر اوباما امریکہ ہی میں پیدا ہوئے۔"
قبل ازیں جمعرات کو ہلری کلنٹن نے اپنی مہم کے دوران صدر اوباما کی امریکہ میں پیدائش سے متلعق سوالات اٹھانے والوں کی حمایت کرنے پر ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
ہلری میں نمونیہ کی تشخیص اور بعد ازاں صحت بہتر ہونے پر اُنھوں نے جمعرات کو اپنی مہم دوبارہ شروع کی۔ ہلری اتوار کو 9/11 سے متعلق ایک تقریب سے اٹھ کر چلی گئی تھیں، بعد ازاں یہ بات سامنے آئی کہ ان کی طبعیت ٹھیک نہیں تھی۔
انھوں نے امریکہ کے ایک موقر اخبار واشنگٹن پوسٹ میں جمعرات کو شائع ہونے والی ایک خبر کا حوالہ دیا، جس کے مطابق ٹرمپ نے یہ کہنے سے گریز کیا ان کے خیال میں اوباما امریکہ میں پیدا ہوئے تھے۔ اس کے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس معاملے کے بارے میں اب بات نہیں کرتے۔
ہلری کلنٹن نے اپنے ووٹروں پر زور دیا کہ وہ نومبر کے انتخاب میں ٹرمپ کو "قطعی" طور پرمسترد کر دیں۔
اگرچہ ٹرمپ نے گزشتہ آٹھ سالوں کے دوران اوباما کی بطور صدر اہلیت کے بارے میں سوالات اٹھاتے رہے ہیں اور ان کے پیدائش کے سرٹیفکیٹ کی صداقت سے متعلق قیاس آرائیوں کو تقویت دی، تاہم ٹرمپ کے ترجمان جیسن ملر نے اس معاملے کو پہلی بار اٹھانے کا الزام ہلری پر عائد کیا۔
"ہلری کی مہم نے براک اواباما کی ساکھ خراب کرنے کے لیے پہلی بار یہ معاملے 2008 کے صدرارتی امیدوار بننے کی مہم کے دوران اٹھایا تھا۔ اس طرح کا غیر اخلاقی طرز عمل کلنٹن کا ہی شاخسانہ ہو سکتا ہے تاہم ہلری کلنٹن اس (سوال ) کا جواب حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔"
ہلری نے اپنے ردعمل میں سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ"صدر اوباما کے بعد آنے والا وہ شخص نہیں ہو گا جس نے (اوباما کے پیدائش کے سرٹیفکیٹ سے متعلق) متعصبانہ مہم کی قیادت کی۔ یہ بات قطعی ہے"۔
ہلری ماضی میں ان دعوؤں کو مسترد کر چکی ہیں کہ ان کی مہم نے اوباما کی جائے پیدائش سے متعلق قیاس آرائیاں شروع کی تھیں۔