رسائی کے لنکس

صدر ٹرمپ کا میکسیکو دیوار کی تعمیر پر اصرار، تحقیقات پر تنقید


صدر ٹرمپ منگل کی رات کانگریس میں خطاب کر رہے ہیں
صدر ٹرمپ منگل کی رات کانگریس میں خطاب کر رہے ہیں

صدر ٹرمپ نے منگل کی رات اپنی مدت صدارت کے دوسرے سٹیٹ آف دی یونین خطاب میں اپنا ایجنڈا پیش کیا جس میں کانگریس میں دونوں جماعتوں کے درمیان تعاون کی کوششیں اور اتحاد شامل ہے۔ تاہم اُنہوں نے اپنے خلاف جاری تحقیقات کو یک طرفہ اور فضول قرار دیتے ہوئے جنوبی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لئے فنڈنگ کی منظوری پر اصرار کیا۔

صدر ٹرمپ نے روایت کے برخلاف ڈیموکریٹک سپیکر نینسی پلوسی کی طرف سے اُنہیں متعارف کرائے جانے کا انتظار کئے بغیر ہی اپنی تقریر شروع کر دی۔ حالیہ ہفتوں میں سرحد پر دیوار کی تعمیر پر اُن کا پلوسی سے شدید اختلاف جاری ہے۔ صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا، ’’ ہمیں ہر صورت انتقام، مزاحمت اور بدلے کی سیاست کو ترک کرنا ہو گا۔‘‘

صدر ٹرمپ نے روایت کے مطابق اپنی کامیابیوں کی طویل فہرست پیش کی اور کہا کہ دنیا میں کہیں بھی کوئی ایسی چیز نہیں ہے جو امریکہ کا مقابلہ کر سکے۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ امیگریشن کا مسئلہ پیش پیش رہا۔ صدر ٹرمپ کا اس بارے میں ڈیموکریٹک پارٹی سے اختلاف جاری ہے جو سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لئے 5.7 ارب ڈالر کی فنڈنگ کی منظوری سے بدستور انکار کر رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس کمرے میں موجود ہر شخص نے ماضی میں دیوار کی تعمیر کے حق میں ووٹ دیا تھا۔ تاہم حقیقی دیوار کبھی تعمیر نہ کی جا سکی۔ اب میں اسے تعمیر کرواؤں گا۔

دیوار سے متعلق اختلاف کے باعث 35 روز تک شٹ ڈاؤن یعنی حکومت کی جزوی بندش جاری رہی اور اگر 15 فروری تک اس بارے میں سمجھوتہ نہ ہو سکا تو دوبارہ شٹ ڈاؤن کا خطرہ موجود ہو گا۔

جارج واشنگٹن یونیورسٹی کے ٹاڈ بیلٹ کہتے ہیں کہ اُنہوں نے ایسی کوئی بات نہیں کی جس کی ڈیموکریٹک ارکان خواہش رکھتے تھے۔ اُنہوں نے اُنہیں کوئی پیشکش نہیں کی اور کسی سمجھوتے کا اشارہ نہیں دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ اُن کے خیال صدر ٹرمپ نے اس مسئلے کے حل کی سمت میں کوئی قدم نہیں اُٹھایا ہے۔

ڈیموکریٹک پارٹی کی خواتین ارکان نے خواتین کے لئے ووٹ دینے کی آزادی کی تحریک کو یاد کرتے ہوئے سفید لباس زیب تن کیا۔ ان میں سے بیشتر ارکان نے صدر ٹرمپ کے خطاب کے دوران اُس وقت بھی تالیاں نہیں بجائیں، جب وہ اختلافات ختم کرنے کا اشارہ دے رہے تھے۔ اُنہوں نے ذکر کیا کہ خواتین کے لئے حق رائے دہی کی تحریک کے قریب قریب ایک سو برس بعد آج کانگریس میں خواتین کی ریکارڈ تعداد موجود ہے۔

خارجہ پالیسی کے حوالے سے صدر ٹرمپ نے وینزویلا میں حکومت کی تبدیلی کی حمایت کا اظہار کیا اور ایسی باتوں کا ذکر کیا جنہیں وہ اپنی کامیابیاں گردانتے ہیں۔ ان میں چین کے ساتھ جاری تجارتی جنگ، روس کے ساتھ جوہری معاہدے کو منسوخ کرنا، شمالی کوریا کے ساتھ کشیدگی کم کرنا اور ایران پر دباؤ جاری رکھنا شامل ہیں۔

ٹرمپ نے اتحاد پر مبنی ایجنڈا پیش کرتے ہوئے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے، بچے کی پیدائش کے لئے خاندان کو تنخواہ کے ساتھ رخصت دینے، ہیلتھ کیئر کے اخراجات کم کرنے، ایڈز کی بیماری کا باعث بننے والے HIV کے خاتمے اور بچپن میں ہونے والے کینسر کا خاص طور پر ذکر کیا۔ تاہم اُنہوں نے اسقاط حمل جیسے اپنے سیاسی مؤقف کے ساتھ مطابقت رکھنے والے معاملات پر بھی بات کی۔

اس کے علاوہ اُنہوں نے 2016 میں اپنی صدارتی مہم کے دوران مبینہ روسی مداخلت پر جاری تحقیقات پر بھی شدید تنقید کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں امن اور قانونی سازی چاہئیے تو جنگ اور تحقیقات نہیں ہو سکتیں۔

جارجیا کے گورنر کا انتخاب بہت کم فرق سے ہار جانے والی ڈیموکریٹک اُمیدوار سٹیسی ابرامز نے ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے صدر ٹرمپ کے خطاب پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہر صورت بدخوئی کو مسترد کرنا چاہئیے، جس میں کہا جاتا ہے کہ ڈالے جانے والے ہر ووٹ کا مقصد محض اقتدار کا حصول ہوتا ہے۔

ابرامز نے شادی شدہ جوڑوں میں برابری، ہیلتھ کیئر اور نسل پرستی کی مخالفت سمیت اپنی پارٹی کا ایجنڈا پیش کیا۔

صدر ٹرمپ کی ایک مہمان جوڈا سیمٹ اسی روز اپنی 81 ویں سالگرہ منا رہی تھیں۔ سٹیٹ آف دی یونین میں ایک نئی روایت قائم کرتے ہوئے بہت سے ارکان نے گانا گا کر اُنہیں سالگرہ کی مبارک باد پیش کی۔

وائس آف امریکہ اردو کی سمارٹ فون ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اور حاصل کریں تازہ ترین خبریں، ان پر تبصرے اور رپورٹیں اپنے موبائل فون پر۔ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

اینڈرایڈ فون کے لیے: https://play.google.com/store/apps/details?id=com.voanews.voaur&hl=en

آئی فون اور آئی پیڈ کے لیے: https://itunes.apple.com/us/app/%D9%88%DB%8C-%D8%A7%D9%88-%D8%A7%DB%92-%D8%A7%D8%B1%D8%AF%D9%88/id1405181675

XS
SM
MD
LG