رسائی کے لنکس

یہودیوں کے خلاف دھمکیاں بند کی جائیں: ٹرمپ


اُنھوں نے کہا کہ ’’یہودیوں کے خلاف دھمکی آمیز رویہ، جس میں ہماری یہودی برادری اور کمیونٹی کے مراکز کو ہدف بنایا جائے، خوفناک اور تکلیف دہ ہیں؛ اور اس بات کی یاد دہانی ہے کہ اس کام کو ہمیں لازمی طور پر کرنا ہے، جو نفرت، تعصب اور برائی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے ضروری ہے‘‘

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ملک بھر میں یہودی مخالف دھمکیوں میں آنے والے حالیہ اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اِسے بند ہو جانا چاہیئے‘‘۔

اُنھوں نے کہا کہ ’’یہودیوں کے خلاف دھمکی آمیز رویہ، جس میں ہماری یہودی برادری اور کمیونٹی کے مراکز کو ہدف بنایا جائے، خوفناک اور تکلیف دہ ہیں؛ اور اس بات کی یاد دہانی ہے کہ اس کام کو ہمیں لازمی طور پر کرنا ہے، جو نفرت، تعصب اور برائی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے ضروری ہے‘‘۔

ٹرمپ نے یہ بات منگل کے دِن نیشنل مال پر افریقی امریکنوں کی تاریخ اور ثقافت سے متعلق نئے قومی عجائب خانے کے دورے کے دوران کہی۔

صدر کی جانب سے یہودیوں کے خلاف حملوں کی مذمت کے بیان سے ایک ہی روز قبل ’ازالہ حیثیت عرفی کے انسداد سے متعلق تنظیم (اے ڈی ایل)‘ نے پیر کے روز بتایا تھا کہ کئی ریاستوں میں کم از کم 10 یہودی برادری کے مراکز پر حملے ہوئے ہیں، جو اس سال کے اوائل سے اب تک دھمکیوں کی چوتھی لہر بتائی جاتی ہے۔

’اے ڈی ایل‘ نے کہا ہے کہ اِن مراکز پر دھماکہ خیز مواد برآمد نہیں ہوا اور اِن مبینہ دھمکیوں کو ’’ناقابلِ یقین‘‘ قرار دیا ہے۔

گذشتہ اختتام ہفتہ ریاست مزوری کے شہر ’یونیورسٹی سٹی‘ کے قبررستان میں 170 سے زائد یہودی قبروں کی بے حرمتی کی گئی۔

اے ڈی ایل نے پیر کے روز ایک بار پھر ٹرمپ انتظامیہ سے اس کے ازالے کے لیے منصوبہ تشکیل دینے کا مطالبہ کیا، جس کے بارے میں کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ امریکہ میں حالیہ دِنوں یہودی مخالف سرگرمی میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

گذشتہ بدھ کو واشنگٹن میں اسرائیلی وزیر اعظم بینجامن نیتن یاہو کے ہمراہ اخباری کانفرنس کے دوران، ٹرمپ سے امریکہ میں یہودیوں کے خلاف واقعات میں اضافے سے متعلق سوال کیا گیا تھا۔ اِن حرکات کی مذمت کرنے کے برعکس، ٹرمپ نے الیکٹورل کالج میں اپنی انتخابی فتح کے بارے میں بات کی، اور اس سوال کو غیر منصفانہ قرار دیا، جس سے اس ضمن میں تنقید میں مزید اضافہ دیکھا گیا، جب کہ وہ امریکہ میں یہودی مخالف بیانیہ سے متعلق آنے والے بظاہر اضافے پر خاموش رہے ہیں۔

پیر کی صبح، نومبر کے انتخاب میں ٹرمپ کی مدِ مقابل، ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہیلری کلنٹن نے صدر سے مطالبہ کیا کہ وہ یہودی مخالف بیانات کے خلاف سخت مؤقف اختیار کریں۔

XS
SM
MD
LG