جمعرات کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ واضح کر دیا کہ تارکین وطن کے بچوں کی آمد سے متعلق تاخیر ی اقدام کے طور پر یا DACA، کے طور پر معروف پروگرام کے حوالے سے ڈیموکریٹ ارکان کے ساتھ کوئی معاہدہ طے نہیں ہوا ہے۔ یہ پروگرام قانونی دستاویزات کے بغیر ان تارکین وطن کو تحفظ دینے کے لیے شروع کیا گیا تھا جو امریکہ میں بچوں کے طورپر لائے گئے تھے۔ لگ بھگ آٹھ لاکھ لوگوں کو تحفظ دینے والے اس عارضی پروگرام کو ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ختم کرنے کا یہ منصوبہ ایک اشتعال کا باعث بن چکا ہے ۔ کانگریس کے ڈیمو کریٹک راہنماؤں کے ساتھ ایک میٹنگ کے بعد ٹرمپ نے ٹوئیٹر پر کہا کہ بڑے پیمانے پر سرحدی سیکیورٹیDACA پر کسی سمجھوتے کا ایک لازمی حصہ ہو گی۔
پروگرام DACAکے تحت تارکین وطن کو فراہم کیے گئے تحفظ کے خاتمے کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے ہو چکے ہیں ۔ صدر ٹرمپ نے کسی حل پر گفتگو کے لیے گذشتہ بدھ کی رات، سینیٹ اور ایوان کے ڈیمو کریٹک راہنماؤں سے ملاقات کی ۔ لیکن ملاقات کے بعد انہوں نے کہا کہ ڈیمو کریٹس کے ساتھ طے پانے والے کسی بھی معاہدے میں، میکسیکو کے ساتھ امریکی سرحد پر ایک دیوار سمیت، بڑے پیمانے کی سیکیورٹی کی منظوری شامل ہو گی۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک دیوار تعمیر کرنا ہو گی۔ اگر اس دیوار کے خلاف اس وقت کوئی رکاوٹ ہو گی جب ہمیں فنڈز درکار ہوں گے اور کسی بعد کی تاریخ میں ہم یہ تعین کریں گے کہ ہمیں کتنے فنڈز درکار ہو گے، تو پھر ہم تارکین وطن کے اس معاملے میں کچھ نہیں کریں گے۔
ایوان کی اقلیتی لیڈر نینسی پیلوسی اور سینیٹ میں ان کے ہم منصب چک شومرنے جمعرات کےر وز ایک مشترکہ بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ وہ ٹرمپ کے ساتھ اس بارے میں متفق ہو گئے ہیں کہ دیوار کے لیے فنڈنگDACA پر کسی معاہدے کا حصہ نہیں ہوں گے ۔ مز پیلوسی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ دونوں ڈیمو کریٹک راہنماؤں اور ٹرمپ کے درمیان اس بارے میں اتفاق رائے ہو گیا ہے کہ عارضی اقدام کے تحت تحفظ پانے والے ڈریمرز نامی تارکین وطن کے لیے کسی مستقل حل پر کام جاری رکھا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے درمیان ایک سمجھوتہ طے پا گیا ہے کہ ہم ڈریم ایکٹ کو اس بارے میں ایک بنیاد بنا کر آگے لے کر چلیں گے کہ ہم ڈریمرز کو کس طرح تحفظ دیں گے اور سرحد سے منسلک کون سی شقیں اس کے ساتھ پیش کیے جانے والے ایک اور بل کا حصہ ہوں گی۔
کانگریس کے ایک ممتاز ری پبلکن ، ایوان کے اسپیکر پال ریان یہ واضح کر چکے ہیں کہ سرحد کی سیکیورٹی،DACA پر کسی بھی معاہدے کا ایک لازمی حصہ ہو گی۔
ان کا کہنا ہے کہ آپ ہمارے مسئلے کی ایک بنیادی وجہ سے نمٹے بغیر ACA کے مسئلے سے نہیں نمٹ سکتے ۔ ہمارا اپنی سرحدوں پر کنٹرول نہیں ہے ۔ اس لیے ہمیں کسی بھی معاہدے کے حصے کے طور پر سرحدی سیکیورٹی اور اس پر عمل درآمد درکار ہے ۔ میرا خیال ہے کہ یہ ایسا معاملہ ہے جسے ڈیمو کریٹس نے سمجھنا شروع کر دیا ہے، میرا خیال ہے کہ یہ وہ معاملہ جس پر وہ متفق ہونا شروع کر رہے ہی ۔
لیکن ٹرمپ نے اپنی ٹویٹس میں یہ بھی کہا ہے کہ وہ اچھے تعلیم یافتہ اور ان ہنر مند نوجوان لوگوں سے دستبردار نہیں ہونا چاہتے جن کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ کئی برسوں سے ہمارے ملک میں موجود ہیں جس کے لیے وہ بذات خود بالکل قصور وار نہیں ہیں۔