رسائی کے لنکس

امریکہ کے ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس مستعفی


سبکدوش ہونے والے انٹیلی جنس چیف ڈین کوٹس (فائل فوٹو)
سبکدوش ہونے والے انٹیلی جنس چیف ڈین کوٹس (فائل فوٹو)

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس (ڈی این آئی) ڈین کوٹس کی جگہ جان ریٹکلف کو نیا انٹیلی جنس چیف نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے اتوار کو ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ڈین کوٹس نے انہیں اپنا استعفیٰ بھیج دیا ہے اور وہ 15 اگست کو عہدہ چھوڑ دیں گے۔

ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس امریکی صدر کی کابینہ کا رکن ہوتا ہے اور ملک کی بیشتر خفیہ ایجنسیاں اس کے ماتحت ہوتی ہیں۔

ڈین کوٹس کو 2017 میں صدر ٹرمپ نے ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس مقرر کیا تھا لیکن دونوں کے درمیان اختلافات کی خبریں زبان زدِ عام تھیں۔ 2016 کے صدارتی انتخابات میں روس کی مداخلت اور شمالی کوریا سمیت بہت سے معاملات پر ڈین کوٹس کے موقف سے صدر ٹرمپ ناراض تھے۔

بطور انٹیلی جنس چیف اپنی نامزدگی کے بعد ڈین کوٹس نے کہا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ 2016 کے صدارتی انتخابات میں روس نے اثر انداز ہونے کی کوشش کی تھی۔

ریاست انڈیانا کے سابق سینیٹر 76 سالہ ڈین کوٹس کو ری پبلکن پارٹی کا اہم رکن سمجھا جاتا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ڈین کوٹس نے چند روز قبل صدر ٹرمپ کو عہدہ چھوڑنے کے فیصلے سے آگاہ کیا تھا۔

متوقع انٹیلی جنس چیف جان ریٹکلف کو صدر ٹرمپ کی سوچ سے ہم آہنگ سمجھا جاتا ہے۔ وہ اس وقت ریاست ٹیکساس سے ایوانِ نمائندگان کے رکن ہیں۔

جان ریٹکلف نے 2016 کے صدارتی انتخابات میں روس کی مداخلت سے متعلق صدر ٹرمپ کے بیانیے کی تائید کی تھی۔ صدر ٹرمپ نے جان ریٹکلف سے 19 جولائی کو ملاقات بھی کی تھی۔

صدر ٹرمپ کی جانب سے نامزد کردہ نئے انٹیلی جنس چیف جان ریٹکلف۔
صدر ٹرمپ کی جانب سے نامزد کردہ نئے انٹیلی جنس چیف جان ریٹکلف۔

بعض حکومتی عہدیداروں نے صدر ٹرمپ کے اس فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ بعض ری پبلکن اراکین کا کہنا ہے کہ جان ریٹکلف سیاسی آدمی ہیں جو ایسے حساس عہدے کے لیے موزوں نہیں۔

صدر ٹرمپ نے ان اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ جان ریٹکلف اس عہدے کے لیے موزوں ہیں اور امریکی مفادات کے تحفظ کے لیے کام کریں گے۔

XS
SM
MD
LG