شمالی کوریا میں حکام نے تصدیق کی ہے کہ ملک کے رہنما کم جانگ ان چین سے ویتنام کے لئے بذریعہ ٹرین روانہ ہو گئے ہیں۔ ان کو ویتنام پہنچنے میں دو دن درکار ہوں گے۔
صدر ٹرمپ اور کم جونگ ان کے درمیان 27 اور 28 فروری کو ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی میں ملاقات ہو گی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ دوسری ملاقات ہو گی۔ کم جانگ ان کے ساتھ اُن کے انتہائی قریبی ساتھی کم یونگ چول بھی ہمراہ ہیں۔
اس سے قبل دونوں رہنماؤں نے گزشتہ سال جون میں سنگاپور میں ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے پر اتفاق کیا تھا۔
لیکن اس ہدف کے حصول کی جانب پیش رفت کی تفصیلات سات ماہ گزرنے کے باوجود بھی تاحال طے نہیں پا سکی ہیں اور اس معاملے پر دونوں ممالک کے مذاکرات بار بار ڈیڈلاک کا شکار ہوتے رہے ہیں۔
امریکی محکمۂ خارجہ کے مطابق شمالی کوریا کے لیے امریکہ کے نمائندہ خصوصی اسٹیفن بیگن بھی سربراہی ملاقات کی تیاریوں کے سلسلے میں ہنوئی پہنچ رہے ہیں۔
ویتنام کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ کم جانگ ویتنام کے صدر نگوین پھو ٹرونگ کی دعوت پر تشریف لا رہے ہیں۔ ان کا یہ دورہ خیرسگالی کا ہے۔
گزشتہ سال شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے مزید ایٹمی اور میزائلوں کے تجربات نہ کرنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ ہمیں مزید ایٹمی تجربات کی ضرورت نہیں جبکہ بین البراعظمی راکٹ ٹیسٹ کی بھی ضرورت نہیں۔