رسائی کے لنکس

رمضان کی اساس ’’تشدد کو مسترد کرنا، امن کی راہ اپنانا‘‘ ہے: ٹرمپ


خصوصی پیغام میں، صدر نے کہا ہے کہ اس سال یہ ماہِ مبارک ایسے وقت آیا ہے جب برطانیہ اور مصر میں وحشیانہ دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں بے گناہ افراد کی ہلاکت واقع ہوئی ہے، جن کو یاد کرکے دنیا غمزدہ ہے، جو سیاہ کار عمل، رمضان کی اساس سے براہِ راست متصادم ہے

رمضان کے بابرکت مہینے کے آغاز پر مسلمانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ رمضان کی اساس تشدد کو مسترد کرنا، امن کی راہ اپنانا، اور غربت اور تنازعے کے شکار لوگوں کی تکالیف میں کمی لانے کے مشترکہ فرض کی انجام دہی ہے۔

رمضان مبارک پر اپنے خصوصی پیغام میں، اُنھوں نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کی طرح، متعدد امریکی مسلمان صبح صادق سے مغرب تک روزہ رکھتے ہیں، وہ سخاوت اور سجود کے عمل کا اصل مطلب اور اس کے ذریعے روحانی فیض حاصل کرتے ہیں، جو ہماری برادریوں کی مضبوطی کا باعث بنتا ہے۔

صدر نے کہا ہے کہ اس سال یہ ماہِ مبارک ایسے وقت آیا ہے جب برطانیہ اور مصر میں وحشیانہ دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں بے گناہ افراد کی ہلاکت واقع ہوئی ہے، جن کو یاد کرکے دنیا غمزدہ ہے، جو سیاہ کار عمل، رمضان کی اساس سے براہِ راست متصادم ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ ایسا عمل محض ہمارے عزم کو مزید پختہ کرنے کا باعث بنتا ہے کہ دہشت گردوں کو شکست دی جائے، جو غلط نظریے پر گامزن ہیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ اپنے حالیہ دورہٴ سعودی عرب کے دوران اُنھوں نے 50 سے زائد مسلمان ملکوں کے سربراہان سے ملاقات کی سعادت حاصل کی۔ اُنھوں نے کہا کہ ’’وہاں مسلمان دنیا کے دو مقدس ترین مقامات والے ملک میں ہم اکٹھے ہوئے جہاں سے امن، سلامتی، اور دونوں ملکوں اور دنیا بھر کی خوشحالی کے لیے ساجھے داری پر مشتمل ایک واضح پیغام جاری کیا گیا‘‘۔

ریاض میں جاری ہونے والے پیغام کا اعادہ کرتے ہوئے، اُنھوں نے کہا کہ ’’دہشت گردی اور اُس نظریے کے خلاف جو اِس کی شہ دینے کا موجب بنتا ہے، امریکہ ہمیشہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ کھڑا ہوگا‘‘۔

صدر نے کہا کہ ’’ماہِ رمضان کے دوران، آئیے عہد کریں کہ ہم کوئی قدم اٹھانے سے دریغ نہیں کریں گے جس سے اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ آئندہ کی نسلیں اس عفریت سے پاک ہوں گی اور امن کے ماحول میں عبادت بجا لا سکیں گی اور سکون کے ساتھ اٹھ بیٹھ سکیں گی‘‘۔

ڈونالڈ ٹرمپ نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

اُنھوں نے کہا کہ ’’امریکی عوام کی جانب سے میں تمام مسلمانوں کے لیے بابرکت رمضان کی نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں‘‘۔

XS
SM
MD
LG