رسائی کے لنکس

صدر ٹرمپ کا امریکہ کے دفاعی بجٹ میں کٹوتی کا عندیہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ مستقبل میں امریکہ کا دفاعی بجٹ کم کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

منگل کو ایک مقامی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ اپنے ڈھائی سال کے دورِ حکومت میں فوجی پھیلاؤ کو کم کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں اور اب مستقبل میں دفاعی بجٹ میں کٹوتی کا سوچ رہے ہیں۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس اب بہت طاقتور فوج ہے اور نئے بجٹ کے بعد فوج کی طاقت میں مزید اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ وہ مستقبل میں دفاعی بجٹ میں کٹوتی کریں کیوں کہ، ان کے بقول، "ہمیں اپنی فوج کو مستحکم رکھنا ہے۔"

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 2017 میں امریکہ کا صدر منتخب ہونے کے بعد سابق حکومت پر امریکہ کی فوج کو کمزور کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

ٹرمپ حکومت اب تک ہر سال دفاعی بجٹ میں اضافہ کرتی آئی ہے۔

گزشتہ ہفتے ڈیموکریٹ اراکین کے اکثریتی ایوانِ نمائندگان نے امریکہ کے بجٹ کی منظوری دی تھی، جس کے بعد اب بجٹ کو منظوری کے لیے سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔

امریکی سینیٹ میں ری پبلکن اراکین کی اکثریت ہے جس کے باعث توقع کی جا رہی ہے کہ سینیٹ میں نیا بجٹ منظور ہو جائے گا جس میں دفاعی اخراجات کے لیے 738 ارب ڈالر کی رقم مختص کی گئی ہے۔

یہ بجٹ اگر منظور ہو جاتا ہے تو امریکہ کا بجٹ خسارہ ایک کھرب ڈالر ہو جائے گا۔

صدر ٹرمپ کی اپنی جماعت ری پبلکن کے کچھ اراکین نے اتنے زیادہ بجٹ خسارے پر تنقید کی ہے۔

صدر ٹرمپ نے انٹرویو کے دوران 2020 کے انتخابات میں کامیابی کے بعد اپنے ممکنہ ایجنڈے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ہماری فوج اب مکمل طور پر دوبارہ طاقت ور ہو گئی ہے اس لیے اب اخراجات معنی رکھتے ہیں اور ہم اخراجات پر توجہ دیں گے۔

XS
SM
MD
LG