رسائی کے لنکس

افغان طالبات کی روبوٹک ٹیم کو امریکہ کا ویزہ جاری


صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے افغان طالبات کو اپنے خصوصی اختیارات کے تحت امریکہ آنے کی اجازت دیدی ہے جس کے تحت وہ 20 دن کے لیے واشنگٹن آسکیں گی۔

امریکی حکام نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی مداخلت کے بعد افغان طالبات کی اس روبوٹک ٹیم کو امریکہ کا ویزہ جاری کردیا ہے جنہیں پہلے کابل میں واقع امریکی سفارت خانے نے ویزہ دینے سے انکار کردیا تھا۔

ان طالبات کو واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والے اسکولوں کے طلبہ کے سالانہ روبوٹکس مقابلوں میں حصہ لینا تھا۔

'فرسٹ گلوبل' نامی نجی ادارے کے تحت آئندہ ہفتے ہونے والے اس مقابلے میں 157 ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

امریکی حکام نے ابتداً افغان طالبات کی ٹیم کی جانب سے دائر ویزہ کی درخواستیں مسترد کردی تھیں جس پر امریکی ذرائع ابلاغ اور سیاسی اور سماجی حلقوں نے سخت تنقید کی تھی۔

وائس آف امریکہ کے وائٹ ہاؤس میں نمائندے اسٹیو ہرمن نے بدھ کو خبر دی ہے کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے افغان طالبات کو اپنے خصوصی اختیارات کے تحت امریکہ آنے کی اجازت دیدی ہے جس کے تحت وہ 20 دن کے لیے واشنگٹن آسکیں گی۔

امریکی حکام نے مقابلے میں شرکت کرنے والی افریقی ملک گیمبیا کی ٹیم کو بھی پہلے پہل ویزے دینے سے انکار کردیا تھا لیکن احتجاج کے بعد گزشتہ ہفتے انہیں ویزے جاری کردیے گئے تھے۔

روبوٹک مقابلوں کا انعقاد کرنے والے ادارے 'فرسٹ گلوبل' کے سربراہ امریکی بحریہ کے سابق ایڈمرل اور سابق ڈیموکریٹ رکنِ کانگریس جو سیسٹاک ہیں جنہوں نے افغان طالبات کو ویزوں کے اجرا پر وائٹ ہاؤس اور امریکی محکمۂ خارجہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

تین روزہ سالانہ مقابلے کا آغاز اتوار کو واشنگٹن ڈی سی میں ہوگا جس کا مقصد دنیا بھر کے طلبہ و طالبات میں سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور حساب کا شغف پیدا کرنا ہے۔

XS
SM
MD
LG