رسائی کے لنکس

بھارت میں صدر ٹرمپ کا استقبال: 'کچی بستی کو چھپایا نہیں جا رہا'


احمد آباد میونسپل کارپوریشن کو کچی آبادی کے گرد دیوار تعمیر کرنے پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔
احمد آباد میونسپل کارپوریشن کو کچی آبادی کے گرد دیوار تعمیر کرنے پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ دو روزہ دورے پر پیر کو بھارت پہنچ رہے ہیں۔ اُن کی آمد سے قبل حکومت نے غیر معمولی اقدامات کیے ہیں۔

بھارت سے وائس آف امریکہ کی نمائندہ رتول جوشی کے مطابق اپنے دورے کے دوران صدر ٹرمپ احمد آباد بھی جائیں گے جہاں اُن کی آمد سے قبل شہر کے مختلف مقامات پر رنگ و روغن اور مرمتی کام کیا گیا ہے۔

صدر ٹرمپ دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم سردار پٹیل کرکٹ اسٹیڈیم (موتیرا اسٹیڈیم) بھی جائیں گے جہاں وہ 'نمستے ٹرمپ' تقریب سے خطاب کریں گے۔ اس اسٹیڈیم میں ایک لاکھ دس ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

ایئرپورٹ سے اسٹیڈیم جانے والے راستے پر امریکہ اور بھارت کے پرچم لگائے گئے ہیں اور مختلف مقامات پر بڑے بڑے بل بورڈز آویزاں کیے گئے ہیں جس میں صدر ٹرمپ اور بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کی تصاویر نمایاں ہیں۔

مقامی انتظامیہ نے ایئر پورٹ سے کرکٹ اسٹیڈیم تک 22 کلو میٹر طویل سڑک کے اطراف 'روڈ شو' کا بھی اہتمام کیا ہے جس میں بھارت کی ثقافت اُجاگر کی جائے گی۔

احمد آباد کے ایئرپورٹ سے اسٹیڈیم تک مختلف مقامات پر صدر ٹرمپ کے پوسٹرز آویزاں کیے گئے ہیں۔
احمد آباد کے ایئرپورٹ سے اسٹیڈیم تک مختلف مقامات پر صدر ٹرمپ کے پوسٹرز آویزاں کیے گئے ہیں۔

احمد آباد میونسپل کارپوریشن کے مطابق 'روڈ شو' میں لگ بھگ ایک لاکھ افراد شریک ہوں گے جو مہمان صدر کا استقبال کریں گے۔

صدر ٹرمپ کا قافلہ جس سڑک سے گزرے گا اس کے اطراف گزشتہ 50 برس سے ایک کچی بستی آباد ہے جسے چھپانے کے لیے مقامی انتظامیہ نے چار فٹ اونچی دیوار تعمیر کر دی ہے۔

احمد آباد میونسپل کارپوریشن کو کچی آبادی کے گرد دیوار تعمیر کرنے پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ اُنہیں زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے بجائے چھپایا جا رہا ہے۔ تاہم مقامی انتظامیہ نے صدر ٹرمپ کے دورے کی وجہ سے دیوار کی تعمیر کے تاثر کی تردید کی ہے۔

ٹرمپ کی بھارت آمد اور کچی بستی کے مکینوں کی دُہائیاں
please wait

No media source currently available

0:00 0:01:23 0:00

میونسپل کمشنر وجے نہرا کے مطابق کچی بستی کے گرد دیوار تعمیر کرنے کا فیصلہ دو ماہ پہلے ہی ہو چکا تھا تاکہ فٹ پاتھ کو مزید تجاوزات سے بچایا جا سکے۔

اُن کے بقول، دیوار کی تعمیر کا صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

یاد رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دو روزہ دورۂ بھارت کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان کئی معاہدوں پر دستخط کے امکانات ہیں۔ تاہم اس میں کوئی بڑا تجارتی معاہدہ شامل نہیں ہے۔

صدر ٹرمپ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ بھارت سے کوئی بڑا تجارتی معاہدہ یا تو نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب سے قبل یا اس کے بعد ہو سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG