امریکہ میں تین نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے اور غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ ریاست نارتھ کیرولائنا میں فاتح قرار پائے ہیں۔
نارتھ کیرولائنا ان ریاستوں میں شامل تھی جہاں ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے ڈیموکریٹ حریف جو بائیڈن کے درمیان کانٹے کا مقابلہ تھا۔
صدر ٹرمپ نے اس ریاست میں فتح حاصل کرنے کے لیے جارحانہ انداز میں انتخابی مہم چلائی تھی اور کرونا کی وبا کے باوجود کئی جلسے کیے تھے۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریاست میں ڈالے گئے کل ووٹوں میں سے 98 فی صد سے زائد ووٹوں کی گنتی مکمل کی جا چکی ہے اور غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو 73 ہزار سے زائد ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔
نارتھ کیرولائنا میں فتح کے بعد صدر ٹرمپ کو مزید 15 الیکٹورل ووٹ مل گئے ہیں اور اب ان کے کل الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 232 ہو گئی ہے۔
لیکن صدر ٹرمپ کے ڈیموکریٹ حریف جو بائیڈن گزشتہ ہفتے غیر حتمی نتائج کے مطابق ریاست پینسلوینیا میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد صدر بننے کے لیے درکار الیکٹورل کالج کے 270 ووٹوں کا ہدف پہلے ہی حاصل کر چکے ہیں۔
جو بائیڈن کے ووٹوں کی تعداد 290 ہے۔ لیکن صدر ٹرمپ انتخابات کے غیر حتمی نتائج تسلیم کرنے سے انکاری ہیں اور مسلسل اپنی فتح کا دعویٰ کر رہے ہیں۔
صدر کی انتخابی مہم نے کئی ریاستوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی اور ڈاک کے ذریعے ڈالے جانے والے بعض ووٹ کالعدم قرار دینے کے لیے عدالتوں سے بھی رجوع کر رکھا ہے۔
نارتھ کیرولائنا کے غیر حتمی نتائج کے اعلان کے بعد اب تک امریکہ کی 49 ریاستوں اور دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ووٹوں کی گنتی تقریباً مکمل ہوچکی ہے اور صرف ایک ریاست جارجیا رہ گئی ہے جہاں کے نتائج آنا باقی ہیں۔
اب تک کی گنتی کے مطابق جارجیا میں جو بائیڈن کو اپنے ری پبلکن حریف پر بہت معمولی برتری حاصل ہے اور اگر یہ برتری گنتی کے اختتام تک برقرار رہی تو جو بائیڈن کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 306 ہو جائے گی۔
نارتھ کیرولائنا ان ریاستوں میں شامل تھی جہاں تین نومبر کو گورنر کا انتخاب بھی ہوا تھا۔
صدارتی انتخاب میں ری پبلکن امیدوار کی فتح کے باوجود ریاست کے ڈیموکریٹ گورنر رائے کوپر اپنی نشست بچانے میں کامیاب رہے ہیں اور اپنے ری پبلکن حریف ڈین فاریسٹ کو چار فی صد سے زائد ووٹوں سے شکست دینے کے بعد دوبارہ گورنر منتخب ہو گئے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے 2016 کے صدارتی انتخاب میں بھی اپنی ڈیموکریٹ حریف ہیلری کلنٹن کے خلاف نارتھ کیرولائنا سے فتح حاصل کی تھی۔