رسائی کے لنکس

ترکی: زلزلے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 500 سے متجاوز


ترکی: زلزلے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 500 سے متجاوز
ترکی: زلزلے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 500 سے متجاوز

ترکی کے جنوب مشرقی علاقوں میں اتوار کو آنے والے 2ء7 شدت کے زلزلے کے بعد امدادی سرگرمیاں چوتھے روز بھی جاری ہیں جبکہ سرد موسم اور برف باری کے باعث متاثرین اور امدادی کارکنوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

ترک حکام زلزلے کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے ہزاروں افراد کو چھت مہیا کرنے کی کوشش میں دن رات مصروف ہیں۔ زلزلے سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 523 ہوگئی ہے جبکہ کم از کم 1650 افراد زخمی ہیں۔

حکام نے ہلاکتوں میں اضافہ کا اندیشہ ظاہر کیا ہے کیوں کہ اب بھی کئی افراد منہدم ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہیں۔

قبل ازیں مقامی قصبہ 'ایرکس' میں بدھ کو ملبے تلے دبے تین افراد کو امدادی کارکنوں نے زندہ نکال لیا تھا تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ملبے سے زندہ افراد کی برآمدگی کی امید معدوم ہوتی جارہی ہے۔

ترک حکومت نے عالمی برادری سے امدادی کاروائیوں میں مدد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ اس سے قبل ترک حکومت نے صرف ایران اور آذربائیجان کی جانب سے فراہم کردہ امداد قبول کی تھی جن کی سرحدیں زلزلہ زدہ علاقوں سے ملتی ہیں۔

بعض عالمی اداروں اور ممالک کی جانب سے خیمے، کپڑے اورغذائی اشیا ترکی پہنچائی جاچکی ہیں جبکہ عارضی گھروں کا تعمیراتی سامان لے کر ایک اسرائیلی طیارہ بھی جمعرات کو ترکی پہنچا ہے۔

زلزلے سے بے گھر ہونے والے بعض افراد نے امداد کی تقسیم میں تاخیر کا شکوہ کیا ہے۔ طویل قطاروں میں کئی کئی گھنٹے کھڑے رہنے کے باوجود کئی متاثرین خیمے اور غذائی اشیا حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوپارہے ہیں جس کے باعث کئی افراد کھلے آسمان تلے رات بسر کرنے پر مجبور ہیں۔

ترکی کی فلاحی تنظیم 'ہلالِ احمر' نے کہا ہے کہ بدھ کو امدادی سامان سے لدے اس کے 17 ٹرکوں کو متاثرہ علاقوں میں لوٹ لیا گیا۔

XS
SM
MD
LG