پاکستانی ٹی وی چینلز پر رمضان المبارک کی خصوصی نشریات پوری آب و تاب سے جاری ہیں اور ان نشریات کا حصہ بننے والے مشہور ستاروں کی دلچسپ باتیں ناظرین کی دلچسپی کا مرکز ہیں۔
پبلسسٹ نگہت عزیز نے ’وائس آف امریکہ‘ سے بات چیت میں ستاروں کی ملاقات اور ان کی گپ شپ کا احوال بتایا جو عوام تک ’جیو کہانی‘ پر نشر ہونے والے سیگمنٹ ’افطار ملاقات‘ کے ذریعے پہنچیں۔
ٹی وی دیکھنے والوں کے لئے عائزہ خان کا نام نیا نہیں۔ عائزہ خان کو عام طور پر روتے دھوتے کردار زیادہ ملتے ہیں۔ لیکن، عام زندگی میں وہ ہنستی مسکراتی شخصیت کی مالک ہیں۔ ’افطار ملاقات‘ میں ہوسٹ حنا خواجہ بیات سے گفتگو کرتے ہوئے عائزہ نے اپنی آف اسکرین زندگی کی باتیں شیئر کیں۔
اداکار دانش تیمور سے شادی کرکے گھر بسانے والی عائزہ خان نے یہ انکشاف کیا کہ’ان کی بیٹی حورین انہیں تو ماما کہتی ہے، لیکن اپنے والد کو ان کا نام لیکر یعنی ’دانش‘ کہہ کر پکارتی ہے۔
عائزہ خان نے کامیاب شادی شدہ زندگی کا گر بتاتے ہوئے کہا کہ آپ کو نہ صرف اپنے شوہر بلکہ ان کی فیملی کے ساتھ بھی دوستانہ ماحول بنانا پڑتا ہے۔ عائزہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے طے کیا ہے کہ شادی کے بعد وہ دانش کے ساتھ کسی ڈرامے میں کام نہیں کریں گی۔
اب بات ہوجائے سینئر اداکار جاوید شیخ کی۔ جاوید شیخ نے اپنا سیکرٹ بھی بتا دیا کہ وہ جب ملک سے باہر جاتے ہیں تو کیا کرتے ہیں؟ جاوید شیخ کا کہنا ہے ’میں جب بھی باہر جاتا ہوں میری کوشش ہوتی ہے کہ کسی اپارٹمنٹ میں ٹہروں جہاں میں اپنا کھانا خودبنا سکوں۔جاوید شیخ کے بقول ’میں بہت اچھا کک ہوں اوربہت عمدہ کھانا بناتا ہوں۔‘
نوجوان نسل کی ایک اور اداکارہ فاطمہ آفندی نے ٹی وی کی دنیا میں اپنی آمد سے متعلق بتایا کہ ان کی والدہ پی ٹی وی میں نیوز کاسٹر تھیں اور انہوں نے بہت حوصلہ افزائی کی۔ فاطمہ نے چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر شو بزنس کے سفرکا آغاز کیا تھا اور ان کا پہلا ڈرامہ دو ہزار ایک میں آن ائیر ہوا تھا۔
فاطمہ نے کہا کہ انہیں بولڈ رولز کرنے میں ہچکچاہٹ ہوتی ہے، کیونکہ وہ مزاجاً بولڈ نہیں۔
گزشتہ دنوں ہولناک ایکسیڈنٹ میں زخمی ہونے والی عائشہ عمر نے بتایا کہ بیرونی طور پر تو وہ ٹھیک ہوگئی ہیں۔ لیکن، اندورنی طور پر اب بھی کمزوری محسوس کرتی ہیں۔
عائشہ نے مشکل کی گھڑی میں دعاؤں اور محبت کا اظہار کرنے پر اپنے فینز کا شکریہ بھی ادا کیا۔