جنوبی افریقہ میں دو مقامات پر بارز میں فائرنگ ہوئی ہے جس کے نتیجے میں پولیس کے مطابق 19 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
فائرنگ کا پہلا واقعہ جوہانسبرگ شہر کے مضافات میں واقع سویٹو ٹاؤن میں پیش آیا جہاں 15 افراد ہلاک ہوئے جب کہ دوسرا واقعہ پیٹرمارٹزبرگ شہر کے سویٹ واٹرز ٹاؤن شپ کی بار میں پیش آیا، جس میں چار افراد جان سے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے سویٹو میں لوگ رات میں لطف اندوز ہو رہے تھے کہ منی بس ٹیکسی میں آئے حملہ آوروں نے بارپر فائرنگ شروع کردی۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ان اطلاعات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب کچھ افراد کا ایک گروہ منی بس ٹیکسی میں آیا اور انہوں نے بار کے کچھ لوگوں پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے واقعے میں کچھ افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
گاؤتینگ صوبے کے پولیس کمشنر لیفٹننٹ جنرل ایلیئس مویلا کا کہنا ہے کہ موقع سے ملنے والے گولیوں کے خول سے پتا چلتا ہے کہ افراد کے ایک گروہ نے بار پر فائرنگ کی۔
ایلیئس مویلا کا مزید کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتا چلتا ہے کہ موقع پر موجود افراد لائسنس یافتہ بار میں خود ہی لطف اندوز ہو رہے تھے۔
خبررساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق مقامی پولیس افسر نونہلانہا کوبیکہ کا کہنا تھا کہ جب ہم جائے وقوع پر پہنچے تو 12 افراد گولیاں لگنے سے مرچکے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر 11 افراد کو اسپتال لے جایا گیا جہاں تین مزید ہلاک ہوگئے۔
ایلیئس مویلا کے بقول ان کے پاس ابھی اس بارے میں تفصیلات نہیں کہ ان افراد کو کیوں نشانہ بنایا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے جدید اسلحہ استعمال کیا اور وہ بغیر دیکھے فائرنگ کر رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ جس علاقے میں یہ واقع پیش آیا، وہاں بہت اندھیرا ہے، جس کی وجہ سے ان لوگوں کی تلاش مشکل ہے جو حملہ آوروں کی شناخت کر سکیں۔
نیشنل پولیس کی ترجمان کرنل دیماکٹسو سیلو کا کہنا ہے کہ حملے میں رائفلز اور نائن ایم ایم پستول استعمال کی گئیں۔
سویٹ واٹرز ٹاؤن شپ میں فائرنگ
قبل ازیں جنوبی افریقہ کے شہر پیٹر مارٹز برگ کے سویٹ واٹرز ٹاؤن شپ کی بار میں ہفتے کی رات نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 4 افراد ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دو افراد بار میں داخل ہوئے جنہوں نے وہاں فائرنگ شروع کر دی،جس سے دو افراد موقع پر جب کہ دو افراد اسپتال پہنچ کر دم توڑ گئے۔
پولیس کے مطابق واقع میں زخمی ہونے والے دیگر 8 افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
فائرنگ کے اس واقع میں ہلاک ہونے والے افراد کی عمریں 30 سے 45 سال کے درمیان ہیں اور پولیس واقع کی تحقیقات کر رہی ہے۔
کوازلو نیٹل کے پولیس کمشنر جنرل نلہلا مخوانزائی کا کہنا ہے کہ ٹیم واقع کی تحقیقات کے لیے 24 گھنٹے کام کرے گی تاکہ فائرنگ کرنے والوں کو انجام تک پہنچایا جائے۔
بار میں ہونے والی فائرنگ مشرقی لندن کے شہر میں ہونے والے واقع کے دو ہفتوں بعد سامنے آئی ہے جب بار سے 21 نو عمر افراد کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔
حکام کی طرف سے ان اموات کی وجوہات اب تک نہیں بتائی گئیں۔ تاہم حکام کے مطابق نو عمر افراد کو نہ تو گولیاں ماری گئی تھیں اور نہ ہی وہ بھیڑ کے درمیان کچلے گئے تھے۔
اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے'ایسوسی ایٹڈ پریس' اور 'اے ایف پی' سے لی گئی ہیں۔