رسائی کے لنکس

افغانستان میں تعینات 'دو پاکستانی سفارتی اہلکار لاپتا'


پاکستان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں تعینات اس کے دو سفارتی اہلکار لاپتا ہوگئے ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ پاکستانی سفارتی اہلکار صوبہ ننگر ہار کے شہر جلال آباد میں واقع پاکستانی قونصل خانہ میں تعینات تھے اور وہ 16 جون کو اس وقت لاپتا ہو گئے جب وہ سڑک کے ذریعے پاکستان واپس آ رہے تھے۔

ترجمان نے کہا کہ ان اہلکاروں کے تحفظ اور ان کی جلد بازیابی کے لیے وہ افغان حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ افغان حکام نے مطلع کیا ہے کہ اس معاملے کی تفتیش کے لیے بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں اور لاپتا ہونے والے عہدیداروں کی بحفاظت بازیابی کے لیے تین ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد افغان حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے اس واقعے کے ذمہ دار افراد کو انصاف کے کٹہرے میں بھی لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

افغانستان میں سکیورٹی کی خراب صورت حال کی وجہ سے اکثر ایسے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں جب بعض عسکریت پسند گروپ اور جرائم پیشہ عانصر غیر ملکیوں کو تاوان وصول کرنے کے لیے اغوا کر لیتے ہیں تاہم ابھی تک کسی گروپ نے پاکستانی اہلکاروں کے لاپتا ہونے کے واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ ایک ماہ قبل کابل میں پاکستانی سفارت خانے کے دو اہلکاروں کو افغان انٹیلی جنس کے عہدیداروں نے مبینہ طور پر چند گھنٹوں کے لیے حراست میں رکھنے کے بعد رہا کر دیا تھا۔

اس واقعے پر اسلام آباد میں افغان سفارت خانے کے نائب ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے پاکستان نے سخت احتجاج کرتے ہوئے اسے ویانا کنونشن کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG