رسائی کے لنکس

عمر اکمل اور احمد شہزاد کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی


عمر اکمل کی تین سال بعد ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
عمر اکمل کی تین سال بعد ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف 16 رکنی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ جس میں عمر اکمل، احمد شہزاد اور فہیم اشرف کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے سری لنکا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے لیے 16 ناموں کا اعلان کیا۔ یہ سیریز لاہور میں پانچ سے نو اکتوبر تک کھیلی جائے گی۔

سلیکشن کمیٹی نے ون ڈے ٹیم میں شامل عابد علی، محمد رضوان اور امام الحق کی جگہ عمر اکمل، احمد شہزاد اور فہیم اشرف کو شامل کیا ہے۔

عمر اکمل کی تین سال بعد ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ آخری مرتبہ 27 ستمبر 2016 کو انہوں نے ابوظہبی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا تھا۔

عمر اکمل اپنے رویے اور سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے ساتھ تنازع کی وجہ سے تنقید کی زد میں بھی رہے ہیں۔ انہوں نے مکی آرتھر پر بے عزتی کرنے کا الزام لگایا تھا۔ تاہم انہوں نے اس الزام کی تردید کی تھی۔

احمد شہزاد کو بھی ایک سال سے زائد عرصے کے بعد ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے جون 2018 میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف اپنا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا تھا۔

سری لنکا کے خلاف پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کریں گے جب کہ اسکواڈ میں شامل 16 کھلاڑیوں میں فخر زمان، نائب کپتان بابر اعظم، احمد شہزاد، آصف علی، افتخار احمد، عمر اکمل، حارث سہیل، عماد وسیم، فہیم اشرف، محمد نواز، محمد عامر، وہاب ریاض، عثمان خان شنواری، محمد حسنین اور شاداب خان شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG