اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں سے متعلق ادارے نے کہاہے کہ دوسرے ممالک میں پناہ کے لیے درخواستوں کی تعداد میں 17 فی صد اضافہ ہوا ہے،اور زیادہ تر درخواستیں ایسے ممالک کے پناہ گزینوں کی ہیں جہاں طویل عرصے سے لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے کی صورت حال کا سامنا ہے۔
منگل کو جاری ہونے والی رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ اس سال کے پہلے چھ ماہ میں پناہ کے لیے تقریباً دولاکھ درخواستیں موصول ہوئیں جب کہ گذشتہ سال اسی عرصے میں لگ بھگ ایک لاکھ 70 ہزار درخواستیں آئی تھیں۔
پناہ گزینوں کے عالمی ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پناہ کی درخواست دینے والوں میں سے زیادہ تر کا تعلق پانچ ممالک یعنی افغانستان، سربیا، عراق، چین اور روس سے ہے۔اور کل درخواستوں کی ایک تہائی تعداد انہی ممالک سے تعلق رکھنے والے پناہ گزینوں کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پناہ کے خواہش مندوں کی اکثریت کی منزل امریکہ ہے۔ جس کے لیے وصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد 36400 ہے، جب کہ فرانس 26100 کے ساتھ دوسرے اور جرمنی 20100 کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے