رسائی کے لنکس

سلامتی کونسل نے بان کی مون کے دوبارہ انتخاب کی سفارش کردی


سلامتی کونسل نے بان کی مون کے دوبارہ انتخاب کی سفارش کردی
سلامتی کونسل نے بان کی مون کے دوبارہ انتخاب کی سفارش کردی

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے عالمی ادارے کے سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے بان کی مون کے دوبارہ انتخاب کی سفارش کردی ہے۔

بان کی مون کی بطورِ سیکریٹری جنرل دوسری مدت کیلیے انتخاب کی منظوری جمعہ کے روز ہونے والے سلامتی کونسل کے اجلاس میں دی گئی۔

مذکورہ عہدے کیلیے بان کی مون کے مقابل کوئی اور امیدوار نہیں اور ان کی امیدواریت کو امریکہ سمیت سلامتی کونسل کے کئی دیگر اہم ارکان کی حمایت بھی حاصل ہے۔

اگر سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان میں سے کوئی ایک بھی عالمی ادارے کے موجودہ سربراہ کے دوبارہ انتخاب کی سفارش کو ویٹو کردیتا تو وہ اس انتخاب کیلیے نااہل ہوجاتے۔

اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 192 ارکان 21 جون کو بذریعہ رائے شماری سلامتی کونسل کی جانب سے بان کی مون کے دوبارہ انتخاب کی سفارش کی توثیق کرینگے۔

امریکی صدر براک اوباما نے بان کی مون کی امیدواریت کا خیر مقدم کیا ہے۔ وہائٹ ہائوس سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی ادارے کے سربراہ کی حیثیت سے بان کی مون نے اہم اصلاحات متعارف کرائیں اور ہیٹی، آئیوری کوسٹ، لیبیا اور جنوبی سوڈان جیسے عالمی بحرانوں اور چیلنجز کے دوران عالمی ادارے کے پیچیدہ کردار میں اس کی قیادت کی۔

گزشتہ ہفتے اپنی امیدواریت کا اعلان کرتے ہوئے 67 سالہ بان کی مون نے کہا تھا کہ انہوں نے عالمی ادارے کے 192 رکن ممالک کو بھیجے گئے ایک خط کے ذریعے سفارش کی ہے کہ انہیں ادارہ کے سربراہ کی حیثیت سے دوبارہ منتخب کرلیا جائے۔

جنوبی کوریا کے وزیرِ خارجہ رہنے والے بان کی مون یکم جنوری 2007ء سے عالمی ادارے کے سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے ہیں اور ان کے عہدے کی پانچ سالہ میعاد 31 دسمبر کو ختم ہورہی ہے۔

XS
SM
MD
LG