اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنر ل بان گی مون نے کہا ہے کہ مشرقی یروشلم میں 22 فلسطینی گھروں کو مسمار کر کے وہاں ایک پارک اور سیاحتی مرکز تعمیر کرنے کا اسرائیلی منصوبہ غیر قانونی ہے۔
ایک بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ گھروں کو مسمار کرکے مزید آبادکاری کا عمل بین الاقوامی قوانین اور فلسطینی رہائشیوں کی خواہشات کے منافی ہے۔
اس ہفتے فلسطین کے وزیر اعظم محمود عباس اور اُردن کے شاہ عبداللہ نے بھی یروشلم کے منصوبہ بندی کمیشن کی طرف سے اِس منصوبے کی منظوری کی مذمت کی تھی۔
امریکی حکام پہلے ہی متنبہ کر چکے ہیں کہ یہ تعمیراتی منصوبہ ، جس کی اضافی منظوری ابھی باقی ہے، مشرق وسطیٰ میں امن کی کوششوں کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔
دریں اثناء امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیر دفاع ایہود باراک نے غزہ کو امدادی سامان کی ترسیل میں ڈرامائی اضافے کا عندیہ دیا ہے۔
اسرائیل نے حال ہی میں غزہ کی ناکہ بندی میں کچھ نرمیاں کی ہیں جس کی وجہ تین ہفتے قبل ایک بحری امدادی بیڑے پر اسرائیلی کمانڈوزکا حملہ تھا کیونکہ اس اقدام پر اسرائیلی حکومت کو شدید بین الاقوامی احتجاج اور مذمت کا سامنا ہے۔
لیکن اسرائیل نے کہا ہے کہ سمندری راستے سے غزہ کی ناکہ بندی میں کوئی نرمی نہیں کی جائے گی تاکہ حماس کے جنگجوؤں اور حمایتوں کو غزہ کو اسلحہ سمگل کرنے کا موقع نہ ملے۔
اُدھر واشنگٹن میں امریکی سینٹ کے 87 ارکان نے صدر براک اوباما کو ایک خط لکھا ہے جس میں فریڈم فلوٹیلا نامی بحری بیڑے پر حملے سمیت اپنے دفاع کے لیے اسرائیلی اقدامات کی حمایت کی گئی ہے۔
ترکی اور جنوب مشرقی یورپ کے 11 دوسرے ملکوں نے بدھ کے روز ایک بیان میں 31 مئی کو امدادی بحری بیڑی پر اسرائیل کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس کی بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ اسرئیلی کمانڈوز کی اس کارروائی میں نو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
آئندہ چند روز میں ایک دوسرا جہاز جولیا امدادی سامان لے کرلبنان سے غزہ کے لیے روانہ ہونے کی تیاری کرر ہا ہے باوجود اسرائیل کے اس انتباہ کے کہ وہ بحری جہازوں کو حماس کے زیر انتظام اس فلسطینی علاقے میں لنگر انداز نہیں ہونے دے گا۔