اقوام متحدہ کے ثقافتی ادارے یونیسکو کے سر براہ نے گزشتہ ماہ طرابلس میں لیبیا کے سرکاری ٹیلی وژن کے ہیڈ کوارٹرز پر نیٹو کے ان فضائی حملوں کی مذمت کی ہے ۔ ان حملوں میں تین افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
ڈائریکٹر جنرل ارینا بوکووا کی جانب سے پیر کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ فوجی کارروائیوں میں میڈیا کے اداروں کو ہدف بنانے سے گریز کیا جانا چاہیے ۔
انہوں نے اس سلسلے میں جنگوں اور تنازعات کے دوران صحافیوں کے تحفظ سےمتعلق جنیوا کنونشن اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کا حوالہ بھی دیا ۔
نیٹو کے عہدے داروں نے اپنے حملوں کا دفاع کرتے ہوئے کہاہے کہ اس کے جنگی طیاروں نے جن اداروں کو نشانہ بنایاتھا، وہ لوگوں کو حملوں پر اکسانے کے لیے استعمال کیے جارہے تھے۔
نیٹوکا یہ بھی کہناہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری کارروائیوں کا تقاضا کرتی ہیں۔