اقوام متحدہ کے ایک پینل نےافغانستان میں سیکیورٹی سے متعلق پرائیویٹ کنٹریکٹروں کے لیے مزید قواعد بنانے کی اپیل کی ہے۔
اقوام متحدہ کے مسلح پرائیویٹ کمپنیوں سے متعلق ورکنگ گروپ نے کہاہے کہ اس شعبے میں اپنے مقرر کردہ قواعد مؤثر ثابت نہیں ہوئے ۔ گروپ نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ کنٹریکٹروں کی کوتاہیوں پر گہری نظر رکھے۔
پینل کے چیئر مین الیگزینڈر نکی ٹن نے کہا کہ گذشتہ دس برسوں کے دوران قواعد کے سلسلے میں کی جانے والی کوششیں مؤثر ثابت نہیں ہوسکیں۔
گروپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ موجودہ نظام نے کمپنیوں کو ایسے لوگوں کو بھی بھرتی کرنے کی اجازت دے رکھی ہے جو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث رہے ہوں۔
منگل کے روز جنوبی افغانستان میں تشدد کے مختلف واقعات میں ، نیٹو کے مطابق اتحادی فورسز کے تین اہل کار ہلاک ہوگئے۔
نیٹو نے ہلاک ہونے والوں کی قومیت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا اور صرف یہ کہا کہ ان میں سے ایک شخص شورش پسندوں کے حملے میں جب کہ دوسرے دو افراد سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں مارے گئے۔