رسائی کے لنکس

غربت اور بھوک امیر ملکوں کے بچوں کا بھی مسئلہ ہے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے فنڈ اقتصادی اور سماجی پالیسی کے شعبے کے سربراہ ہوزے کویسٹا کا کہناہے کہ تمام 41 امیر ملکوں کے سروے سے معلوم ہوا ہے کہ وہ کسی نہ کسی انداز میں بچوں کی فلاح وبہبود کے تقاضے پورے کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کے بچوں کے لیے ادارے یونیسیف کی ایک تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بچوں میں بھوک صرف غریب ملکوں کا ہی مسئلہ نہیں ہے بلکہ اس کا دائرہ دنیا کے 41 امیر ملکوں تک پھیلا ہوا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امیر ملکوں میں ہر پانچ میں سے ایک بچہ غربت کی زندگی گذار رہا ہے، جب کہ ہر آٹھویں بچے کو پیٹ بھر کر کھانے کو نہیں مل رہا۔

یونیسیف کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ضروری نہیں ہے کہ زیادہ مالی وسائل اور آمدنی کے بچوں پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں بلکہ اکثر ہوتا یہ ہے کہ اس سے امیر اور غریب کے درمیان فرق بڑھ جاتا ہے۔

بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے فنڈ اقتصادی اور سماجی پالیسی کے شعبے کے سربراہ ہوزے کویسٹا کا کہناہے کہ تمام 41 امیر ملکوں کے سروے سے معلوم ہوا ہے کہ وہ کسی نہ کسی انداز میں بچوں کی فلاح وبہبود کے تقاضے پورے کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

بچوں کی بہتری کے لیے یونیسیف کے مقرر کردہ معیاروں کے مطابق 41 ملکوں کی فہرست میں دنیا کے پہلے سات ملکوں میں ناروے، ڈنمارک، سویڈن، فن لینڈ، آئی لینڈ، جرمنی اور سوٹزرلینڈ شامل ہیں جب کہ اس فہرست کے آخری سات ملک چلی، میکسیکو، امریکہ، بلغاریہ ، رومانیہ، اسرائیل اور ترکی ہیں۔

ہوزے نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ اس فہرست میں امریکہ کا نمبر 37 واں ہے ۔ وہ غربت، بھوک، اچھی صحت، اچھی پرورش اور اچھی تعلیم کے لیے بہت کچھ نہیں کررہا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صرف دولت اور اقتصادی ترقی ہی بچوں کی فلاح وبہبود کو یقینی بنانے کے لیے کافی نہیں ہیں۔ یونیسیف کی رپورٹ میں امیر ملکوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بچوں کی ضروريات کو اپنی پالیسی کے ایجنڈے کی ترجیحی بنائے۔

XS
SM
MD
LG