رسائی کے لنکس

میجر جنرل ضیا مغربی صحارا کے لیے اقوام متحدہ کی فورس کے کمانڈر مقرر


مغربی صحارا (فائل)
مغربی صحارا (فائل)

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے میجر جنرل ضیا الرحمٰن کو اقوام متحدہ کے مشن برائے مغربی صحارا کی ریفرنڈم فورس (ایم آئی این یو آر ایس او) کا کمانڈر مقرر کیا ہے۔

میجر جنرل ضیا الرحمٰن ژاجن وانگ کی جگہ لیں گے، جن کا تعلق چین سے تھا، جن کی میعاد 17 فروری کو ختم ہوئی۔

اقوام متحدہ کے ترجمان کے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ سیکریٹری جنرل مثالی خدمات اور اقوام متحدہ کا مشن بجا لانے پر وانگ کے مشکور ہیں ۔

میجر جنرل ضیاالرحمٰن قومی اور بین الاقوامی فوجی قیادت کا 30 برس کا تجربہ رکھتے ہیں، جس میں ملٹری فورمیشنز اور آپریشنز؛ اسٹاف کمان کی سربراہی اور وار کالج کی سطح کی خدمات انجام دینا شامل ہے۔

اخباری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ قیادت، اسٹاف، لیژاں اور آپریشنل عہدے سنبھال چکے ہیں، جس میں جمہوریہ کانگو میں اقوام متحدہ کے تنظیمی مشن کے ملٹری آبزرور کا عہدہ بھی شامل ہے۔

سال 2015ء سے 2016ء تک اُنھوں نے اعلیٰ قومی نمائندے کے طور پر فلوریڈا میں امریکی سینٹرل کمان ہیڈکوارٹر میں خدمات انجام دیں۔

حالیہ برسوں کے دوران (2016 سے 2017ء تک)، میجر جنرل ضیا الرحمٰن انفنٹری بریگیڈ، جب کہ 2017ء سے اب تک انفنٹری ڈویژن کے سربراہ رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کے عالمی امن کار مشنز میں پاکستان کا کردار نمایاں رہا ہے، جس کا عالمی ادارہ معترف رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG