رسائی کے لنکس

ایران کے شہر اصفہان میں فورسز الرٹ
ایران کے شہر اصفہان میں فورسز الرٹ

ایران پر مشتبہ اسرائیلی حملہ، اصفہان شہر میں دھماکوں کے بعد ایئر ڈیفنس سسٹم فعال

ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی 'فارس نیوز' نے اصفہان کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب دھماکوں کی اطلاع دی ہے۔ تاہم تہران حکومت نے کہا ہے کہ ایرانی سرزمین پر کوئی بیرونی حملہ نہیں ہوا ہے۔

10:09 19.4.2024

جوہری تنصیبات پر حملہ ہوا تو اسرائیل کو بھی وہی جواب ملے گا: ایران

پاسداران انقلاب کے ایک سینئر جنرل نے جمعرات کو دھمکی دی ہے کہ اگر اسرائیل نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کیا تو وہ بھی اسرائیل کی نیوکلیئر سائٹس کو نشانہ بنائیں گے۔

ایرانی پاسداران انقلاب کے جوہری تحفظ اور سلامتی کے سربراہ حق طلب نے کہا ہے کہ ایرانی جوہری تنصیبات پر کسی بھی حملے کا یقینی طور پر جواب دیا جائے گا۔

ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا نے حق طلب کے حوالے سے کہا ہے کہ اگر اسرائیل ہمارے جوہری مراکز اور تنصیبات پر حملہ کرنا چاہتا ہے تو اسے بھی یقیناً ہمارے ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ جس میں اسرائیلی جوہری تنصیبات کو جدید ہتھیاروں سے نشانہ بنایا جائے گا۔

ایرانی پاسداران انقلاب کے جوہری تحفظ اور سلامتی کے سربراہ، جنرل حق طلب کا کہنا ہے کہ مقررہ اہداف کی مکمل تباہی کے لیے ہمارے ہاتھ طاقت ور میزائلوں کے بٹن پر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملے کا خطرہ، تہران کو اپنی جوہری پالیسیوں اور تحفظات پر نظرثانی اور ان سے انحراف پر مجبور کر سکتا ہے۔ تاہم انہوں نے اس کی وضاحت نہیں کی۔

مزید پڑھیے

10:06 19.4.2024

تہران کے دو ہوائی اڈوں پر پروازوں کا آپریشن بحال

ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا نے رپورٹ کیا ہے کہ دارالحکومت تہران کے دو ہوائی اڈوں پر پروازوں کا شیڈول کچھ دیر معطل رہنے کے بعد دوبارہ بحال ہو گیا ہے۔

ارنا کے مطابق وسطی ایران میں دھماکوں کی آواز کے بعد امام خمینی اور مہرآباد ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول معطل ہوا تھا جسے دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے۔

08:56 19.4.2024

اسرائیل نے ایران میں ایک مقام پر میزائل داغے ہیں، اے بی سی نیوز

امریکی نشریاتی ادارے 'اے بی سی نیوز' نے ایک امریکی اہلکار کے حوالے سے کہا ہے کہ اسرائیل نے ایران میں ایک مقام پر میزائل داغے ہیں۔

اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ امریکی میڈیا رپورٹس پر 'فی الحال' کوئی تبصرہ کرنا نہیں چاہتے۔

امریکی میڈیا رپورٹس میں ایران کے نشانہ بنائے گئے کسی مقام کی نشاندہی نہیں کی گئی ہے۔ البتہ ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی 'فارس نیوز' نے ایرانی شہر اصفہان کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب دھماکوں کی اطلاع دی ہے۔

تہران حکومت نے فوری طور پر دھماکوں کی اطلاعات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' نے بھی کہا ہے کہ وہ اسرائیل کی جانب سے ایران پر میزائل داغنے کی تصدیق آزادانہ طور پر نہیں کر سکا ہے۔

08:53 19.4.2024

ایران کی طرف آنے والی کئی پروازوں کا رخ تبدیل


خبر رساں ادارے 'ایسو سی ایٹڈ پریس' کے مطابق تجارتی پروازوں نے جمعہ کی صبح بغیر کسی وضاحت کے مغربی ایران کی طرف اپنا رخ موڑنا شروع کر دیا ہے۔

دبئی میں قائم کیریئر ایمریٹس اور فلائی دبئی نے مقامی وقت کے مطابق صبح 4:30 بجے کے قریب مغربی ایران کا رخ موڑنا شروع کیا تھا۔ انہوں نے پروازوں کا رخ تبدیل کرنے سے متعلق کوئی وضاحت پیش نہیں کی ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG