رسائی کے لنکس

پاکستان کو امریکہ سے شکست: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کب کب بڑے اپ سیٹس ہوئے؟


  • پاکستان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔
  • جواب میں امریکہ کی ٹیم نے تین وکٹوں کے نقصان پر 159 اسکور کرکے میچ ٹائی کردیا۔
  • میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا جس میں امریکہ کی ٹیم نے پاکستان کو پانچ رنز سے شکست دی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک اور بڑا اپ سیٹ اُس وقت ہوا جب جمعرات کو کھیلے گئے میچ میں امریکہ نے پاکستان ٹیم کو سپر اوور میں شکست دے دی۔

ڈیلس میں کھیلے گئے میچ میں سال 2009 کی ورلڈ کپ چمپیئن پاکستان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔

جواب میں امریکی ٹیم نے آخری اوور میں 14 رنز اسکور کرکے اسکور برابر کردیا۔ امریکہ کی ٹیم نے تین وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوور میں 159 رنز بنائے۔

میچ برابر ہونے کے بعد اسے فیصلہ کن بنانے کے لیے معاملہ سپر اوور کی طرف گیا جہاں امریکہ کی ٹیم نے ایک اوور میں محمد عامر کی وائیڈز کی بدولت ایک وکٹ پر 18 رنز اسکور کیے جس کے جواب میں گرین شرٹس ایک وکٹ کے نقصان پر 13 رنز ہی بنا سکی۔

امریکی ٹیم کے کپتان مونانک پٹیل نے اس جیت کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔

لیکن یہ پہلا موقع نہیں کہ بظاہر کمزور دکھنے والی یا نئی ٹیم نے کسی مضبوط یا چمپیئن ٹیم کو شکست دی ہو۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ایسے کئی مواقع آئے ہیں جب بڑی ٹیم کو چھوٹے حریف کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست ہوئی۔

جمعرات کے میچ کے علاوہ ایسے گیارہ ایپ سیٹ میچز پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2007: زمبابوے کی آسٹریلیا کے خلاف تاریخی کامیابی

سب سے پہلے ذکر کرتے ہیں پہلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا جب 2007 میں زمبابوے نے آسٹریلیا کوشکست دے کر تہلکہ مچادیا تھا۔

ایڈم گلکرسٹ، میتھیو ہیڈن، رکی پونٹنگ اور مائیکل ہسسی کی موجودگی کے باوجود آسٹریلوی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں پر 138 رنز بناسکی تھی۔

جواب میں وکٹ کیپر برینڈن ٹیلر کے ناقابل شکست 60 رنز کی بدولت زمبابوے نے ہدف ایک گیند قبل حاصل کرکے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ کا پہلا اپ سیٹ کیا۔

بریٹ لی، مچل جانسن اور نیتھن بریکن بھی زمبابوے کے بلے بازوں کو قابو نہ کرسکے تھے اور انہوں نے ایک تاریخی کامیابی حاصل کی تھی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2007: ویسٹ انڈیز کو بنگلہ دیش سے شکست

آسٹریلیا اور زمبابوے کے میچ کے اگلے ہی دن بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر مسلسل دوسرا اپ سیٹ کیا تھا۔

جوہانسبرگ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو 164 رنز پر محدود کردیا۔ بعد ازاں بنگلہ دیش نے خود مطلوبہ ہدف 18 اوورز میں حاصل کرلیا۔

بنگلہ دیش کی بالنگ کے ہیرو شکیب الحسن تھے جنہوں نے چار ویسٹ انڈین بلے بازوں کو واپس پویلین کی راہ دکھائی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2009: نیدرلینڈز نے انگلینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کی

دوسرا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ انگلینڈ میں کھیلا گیا تھا جس میں ٹرافی پاکستان کی ٹیم نے اٹھائی تھی۔ لیکن اس ایونٹ کا پہلا میچ کافی سنسنی خیز تھا۔

اس میچ میں نیدرلینڈز کی ٹیم نے میزبان انگلینڈ کو لارڈز کے مقام پر اپ سیٹ شکست دی تھی۔

لیوک رائٹ اور روی بوپارا کی سینچری شراکت کی وجہ سے انگلینڈ نے ایونٹ کے افتتاحی میچ میں پانچ وکٹوں پر 162 رنز بنائے تھے۔

جواب میں ڈچ ٹیم نے اننگز کی آخری گیند پر ہدف حاصل کرکے ہوم کراؤڈ کے سامنے انگلش ٹیم کو حیران کردیا تھا۔

میچ کے آخری اوور میں اس وقت دلچسپ صورتِ حال پیدا ہوئی تھی جب آخری اوور کرنے والے اسٹورٹ براڈ نے اپنی ہی گیند پر رن آؤٹ کے لیے اوور تھرو پھینکی جس سے قیمتی اضافی رنز نیدرلینڈز کی ٹیم کو مل گئے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2009: آئرلینڈ کے ہاتھوں بنگلہ دیش کو شکست

پہلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز جیسی مضبوط ٹیم کو شکست دینے والی بنگلہ دیشی ٹیم اپنا پہلا ورلڈ کپ کھیلنے والی آئرلینڈ سے شکست کھا گئی تھی۔

ناٹنگھم کے مقام پر ٹرینٹ جانسن کے 20 رنز کے عوض تین وکٹوں کی بدولت بنگلہ دیشی ٹیم آٹھ وکٹوں پر صرف 137 رنز ہی بناسکی تھی۔

آئرش ٹیم نے نائل اور کیون او برائن کی شاندار بیٹنگ کی وجہ سے اپنے پہلے ورلڈ کپ کے پہلے ہی میچ میں کامیابی حاصل کرلی۔

نائل کے 40 اور کیون او برائن کے 17 گیندوں پر ناقابل شکست 39 رنز نے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2014: ہانگ کانگ کی بنگلہ دیش کے خلاف کامیابی

پانچ سال بعد بنگلہ دیش کو ہوم گراؤنڈ اور ہوم کراوڈ کے سامنے ہانگ کانگ کی ٹیم نے شکست دے کر سب کو حیران کردیا۔

چٹوگرام کے مقام پر بنگلہ دیش کی ٹیم ہانگ کانگ کے اسپنرز ندیم احمد اور نزاکت خان کے سامنے صرف 108 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

ندیم احمد نے چار اور نزاکت خان نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ 109 رنز کے ہدف کے جواب میں ہانگ کانگ نے مطلوبہ ہدف دو گیندوں قبل ہی آٹھ وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2014: نیدرلینڈز کی انگلینڈ کو ایک اور شکست

چٹوگرام ہی کے مقام پر نیدرلینڈز نے سابق چیمپئن انگلینڈ کو 45 رنز سے شکست دے کر دوسری بار اپ سیٹ کیا تھا۔

انگلش بالرز نے ڈچ ٹیم کو پانچ وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز سے آگے نہیں جانے دیا۔ جواب میں انگلش ٹیم آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی تھی۔ صرف تین کھلاڑیوں کے ڈبل فگرز میں پہنچنے کی وجہ سے پوری ٹیم 88 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

یہ کسی بھی ایسوسی ایٹ ٹیم کے خلاف آئی سی سی فلم ممبر کا سب سے کم اسکور ہے، لوگن وین بیک نے صرف نو رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2016: عمان نے آئرلینڈ کو شکست دی

آئرلینڈ نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپ سیٹ کرنے کا جو سلسلہ شروع کیا تھا اسے عمان نے پانچویں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بریک لگا دیا۔

دھرماشالہ میں کھیلے گئے اس میچ میں مونس انصاری کی بالنگ کے آگے آئرش بلے باز صرف پانچ وکٹ پر 154 رنز ہی بناسکے۔

جواب میں عمانی اوپنرز کے 69 رنز کے شاندار آغاز کے بعد ٹیم مشکلات کا شکار تو ہوگئی تھی لیکن نچلے نمبرز پر بیٹنگ کے لیے آنے والے عامر علی کے 17 گیندوں پر 32 قیمتی رنز عمان کو جیت کے قریب لے آئے۔

عمان نے یہ تاریخی کامیابی آٹھ وکٹوں کے نقصان پر صرف دو گیندوں قبل حاصل کی تھی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2016: ویسٹ انڈیز کو افغانستان کے ہاتھوں شکست

سن 2016 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ویسٹ انڈیز نے اپنے نام کیا تھا لیکن اس ایونٹ میں اسے افغانستان کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔

بھارتی شہر ناگپور میں کھیلے گئے اس ایونٹ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو صرف افغانستان نے مشکل میں ڈالا تھا۔

افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نجیب اللہ زدران کے 48 ناٹ آؤٹ کی بدولت سات وکٹوں پر 123 رنز بنائے۔ جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں پر صرف 117 رنز ہی بناسکی تھی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021: اسکاٹ لینڈ نے بھی بنگلہ دیش کو ہرادیا

ال امیرت میں کھیلے گئے اس میچ میں اسکاٹ لینڈ نے بنگلہ دیش کو چھ رنز سے شکست دے کر اپ سیٹ کر دیا تھا۔

میگا ایونٹ کے دوسرے ہی میچ میں اسکاٹ لینڈ نے کرس گریوز کے 45 رنز کی بدولت نو وکٹ پر 140 رنز بنائے تھے۔

جواب میں شکیب الحسن اور مشفق الرحیم کی سلو بیٹنگ کی وجہ سے بنگلہ دیشی ٹیم 20 اوورز میں سات وکٹ پر 134 رنز ہی بناسکی تھی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022: سابق چیمپئن سری لنکا کی نمیبیا کے ہاتھوں شکست

آسٹریلیا کے شہر جلانگ میں کھیلے گئے اس میچ میں نمیبیا نے سابق چیمپئن سری لنکا کو 55 رنز سے شکست دے کر سب کو حیرت میں ڈال دیا تھا۔

نمیبیا کے سات وکٹوں پر 163 رنز کے جواب میں سری لنکن ٹیم صرف 108 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔

صرف تین سری لنکن بلے باز ڈبل فگرز میں پہنچ سکے تھے جس میں کپتان ڈسن شناکا 29 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے تھے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022: نیدرلینڈز نے جنوبی افریقہ کو سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا

انگلینڈ کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دو مرتبہ شکست دینے والی ڈچ ٹیم نے 2022 میں جنوبی افریقہ کو اپ سیٹ شکست دے کر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا تھا۔

نیدرلینڈز نے پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورز میں چار وکٹ پر 158 رنز اسکور کیے تھے۔

جواب میں جنوبی افریقی ٹیم آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی تھی اور ڈچ بالنگ اور فیلڈنگ کے سامنے بے بس نظر آئی تھی۔

برینڈن گلور تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بالر رہے رھے جن کی وجہ سے جنوبی افریقہ کے بلے باز صرف آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز ہی بناسکے۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG