رسائی کے لنکس

9/11 حملوں کی برسی پر امریکہ میں سخت سکیورٹی


9/11 حملوں کی برسی پر امریکہ میں سخت سکیورٹی
9/11 حملوں کی برسی پر امریکہ میں سخت سکیورٹی

صدر براک اوباما نے قومی سلامتی کے اعلیٰ مشیران سے ملاقات کی ہے جس میں 11 ستمبر 2001ء کے دہشت گرد حملوں کی دسویں برسی کے سلسلے میں یادگاری تقریبات کے موقع پر سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اس اجلاس سے متعلق تفصیلات کو منظر عام پر نہیں لایا گیا ہے لیکن یہ ایک ایسے وقت ہوا ہے جب امریکی حکام ان خفیہ معلومات کے بعد انتہائی چوکنا ہیں کہ القاعدہ نے 9/11 حملوں کی برسی پر نیو یارک یا واشنگٹن میں کار بم حملہ کرنے کے لیے ممکنہ طور پر تین افراد کو امریکہ بھیجا ہے۔

امریکہ بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات پہلے ہی کیے جا چکے ہیں، اور ممکنہ خطرے کے پیش نظر نیو یارک اور واشنگٹن میں پولیس اہلکاروں کی تعیناتی میں مزید اضافہ بھی کر دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردانہ حملے کا خطرہ اتوار کو یادگاری تقریبات کے انعقاد کو متاثر نہیں کرے گا۔

وائٹ ہاؤس نے بھی کہا ہے کہ مسٹر اوباما کے طے شدہ پروگرام میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی ہے۔ امریکی صدر نے اتوار کو نیو یارک، پینٹاگون اور پینسلوینیا میں شینکسول کا دورہ کرنا ہے۔

حکام نے ہفتہ کو واشنگٹن کے قریب ڈلس ہوائی اڈے کے ایک حصے کو مشکوک اشیا کی موجودگی کی اطلاعات کے باعث بند کر دیا تھا لیکن بعد میں اعلان کیا گیا کہ حکام کو وہاں سے کوئی خطرناک چیز نہیں ملی۔

XS
SM
MD
LG