رسائی کے لنکس

امریکی ریاست ورجینیا میں اسقاط حمل کی مشروط اجازت کے قانون کی منظوری


امریکہ کی جنوب مشرقی ریاست ورجینیا نے ایک نئے قانون کی منظوری دی ہے جس کے تحت اسقاط حمل کرانے والی خواتین کو اس سے قبل الٹرا ساؤنڈ کرانا ہوگا۔

ریاستی پارلیمنٹ میں، جس میں ری پبلیکن پارٹی کا غلبہ ہے، جمعرات کو اس بل کی 35 کے مقابلے میں 61 ووٹوں سے منظوری دی اور گورنر بوب میکڈانل نے کہاہے کہ وہ دستخط کرکے اس بل کو قانون کی حیثیت دے دیں گے۔

عمومی حالات میں اسقاط حمل سے قبل جنین کی عمر کے تخمینے کے لیے ٹیسٹ لیے جاتے ہیں۔ قانون کے ابتدائی مسودے میں کہا گیا تھا کہ اسقاط حمل کے لیے معمول کے الٹراساؤنڈ کی بجائے اندورنی معائنے کے لیے زیادہ پیچیدہ الٹراساؤنڈ کرایا جائے۔ لیکن اسقاط حمل کے حق کے حامیوں نے اس مسودے کی شدید مخالفت کی۔

سرگرم کارکنوں کی جانب سے ریاستی صدر مقام رچمنڈ میں مظاہروں کے بعد گورنر مکڈانل نے اپنے ری پبلیکن ساتھیوں پر زور دیا کہ وہ اسقاط حمل کے لیے اندرونی پیچیدہ الٹرا ساؤنڈ کے قانونی تقاضے کی شق ختم کردیں۔

نئے قانون کے تحت اب جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والی ایسی خواتین کو ، جنہوں نےپولیس کے پاس جرم کی رپورٹ درج کروائی ہو، اسقاط حمل کے لیے الٹراساؤنڈ کی قطعی ضرورت نہیں ہوگی۔

ترمیم شدہ بل منگل کے روزریاستی سینٹ نے 19 کے مقابلے میں 21 ووٹوں سے منظور کیاتھا اور گورنر مکڈانل کے دستخطوں کے بعد ورجینیا اب امریکہ کی ساتویں ایسی ریاست بن گئی ہے جہاں اسقاط حمل سے قبل الٹراساؤنڈ کو ایک قانونی تقاضا قراردیا گیاہے۔

XS
SM
MD
LG