رسائی کے لنکس

نئے امریکی سفیر پاکستان پہنچ گئے


سفیر ڈیوڈ ہیل تیونس، بحرین، سعودی عرب اور اقوام متحدہ میں امریکی مشن میں بھی خدمات انجام دیں جب کہ اُنھوں نے لبنان اور اردن کے متعدد دورے کیے۔

پاکستان کے لیے نئے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل بدھ کو اسلام آباد پہنچے ہیں۔

امریکی سفارت خانے سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ سفیر ڈیوڈ ہیل اپنی سفارتی اسناد جلد پاکستانی صدر ممنون حسین کو پیش کریں گے، جس کے بعد وہ پاکستانی حکام اور پاکستانی عوام کے ساتھ پاک امریکہ تعلقات کو مستحکم کرنے، دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو فروغ دینے، سلامتی سے متعلق باہمی شراکت کو مزید وسعت دینے اور صدر اوباما اور وزیر اعظم نواز شریف کے درمیان واشنگٹن میں اس سال ہونے والی ملاقات میں وضع کیے جانے والے وسیع نصب العین کے حصول کے لیے کام کاآغاز کریں گے۔

سفیر ڈیوڈ ہیل نے تیونس، بحرین، سعودی عرب اور اقوام متحدہ میں امریکی مشن میں بھی خدمات سر انجام دیں جب کہ اُنھوں نے لبنان اور اردن کے متعدد دورے کیے۔

امریکی سفارت خانے کے بیان کے مطابق سفیر ڈیوڈ ہیل واشنگٹن میں اسرائیل، مصر اور لیونٹ (مشرقی بحیرہ روم کے علاقے) کے لیے وزیر خارجہ کے نائب معاون، اسرائیل و فلسطین امور کے ڈائریکٹر اور وزیر خارجہ میڈلین البرائیٹ کے معاون ایگزیکٹو کے عہدوں پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔

پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن کے عہدے کی معیاد 17 نومبر کو مکمل ہو گئی ہے۔

گزشتہ ماہ ہی رچرڈ اولسن کو پاکستان اور افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی مقرر کیا گیا تھا، وہ ڈین فیلڈمن کی جگہ لیں گے، جن کے عہدے کی معیاد رواں سال 18 ستمبر کو مکمل ہو گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG