امریکہ سیلاب سے متاثرہ پاکستان کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مزید 30 ملین ڈالر امداد فراہم کر رہا ہے۔ یہ امداد یو ایس ایجنسی فار انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ ( یوایس ایڈ) کی ذریعے سیلاب سے شدید متاثرہ افراد کی امداد پر خرچ کی جائے گی۔
پاکستان میں وسط جون سے حالیہ مون سون بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور پہاڑوں پر برف کے پگھلنے سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔
پاکستان میں تین کروڑ تیس لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں اور 1100 افراد ہلاک اور 1600 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ دس لاکھ سے زیادہ گھروں کو نقصان پہنچا ہے یا وہ مکمل تباہ ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ 7 لاکھ 35 ہزار جانور بھی ہلاک ہوئے ہیں جو ملک میں لوگوں کے آمدن اور خوراک کا بڑا ذریعہ ہوتے ہیں۔ سڑکوں اور زرعی اراضی کو بھی بری طرح نقصان پہنچا ہے۔
یو ایس ایڈ سے جاری بیان کے مطابق ان فنڈز سے یوایس ایڈ کے شراکت دار خواک ، غذائیات، نقدی، صاف پانی، سینی ٹیشن اور صفائی ستھرائی کے لیے درکار فوری ضروریات پر توجہ دیں گے۔ یو ایس ایڈ سے وابستہ ڈیزاسٹر مینیجمنٹ یعنی آفات سے نمنٹے کے ایک ماہر پہلے ہی پیر کے روز اسلام آباد پہنچ چکے ہیں جو سیلاب کے اثرات اور کا تجزیہ کریں گے اور یو ایس ایڈ کے شراکت داروں سے امدادی کاموں میں رابطہ سازی کریں گے۔
اسلام آباد، بنکاک، تھائی لینڈ اور واشنگٹن ڈی سی میں یو ایس ایڈ کا امدادی عملہ مقامی پارٹنرز اور حکومت پاکستان اور اسلام آباد میں امریکی سفارتحانے کے ساتھ مل کر صورتحال پر گہری نظر رکھے گا۔
امریکہ نے پاکستان بھر میں تباہ کن سیلاب میں زندگیوں اور املاک کے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں وہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ امریکہ پاکستان کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سب سے زیادہ امداد دینے والا ملک ہے۔