رسائی کے لنکس

امریکہ کا 21 روسی اداروں اور 13 افراد پر تعزیرات عائد کرنے کا اعلان


ماسکو کے' ٹیکنو پارک ہوم الیکٹرونکس شاپ' میں آویزاں لیپ ٹاپس۔ 25 فوروی، 2022ء (فائل فوٹو)
ماسکو کے' ٹیکنو پارک ہوم الیکٹرونکس شاپ' میں آویزاں لیپ ٹاپس۔ 25 فوروی، 2022ء (فائل فوٹو)

امریکہ نے جمعرات کو روس کے ٹیکنالوجی کے شعبے کے 21 اداروں اور 13افراد کے خلاف تعزیرات کا اعلان کیا، جن کے لیے بتایا گیا ہے کہ وہ موجودہ پابندیوں کو نظرانداز کرنے میں ملوث رہے ہیں ۔

ان پابندیوں کا مقصد روس کو عسکری مقاصد کے لیے مغربی ٹیکنالوجی تک رسائی فراہم کرنے سے روکنا ہے۔

اعلان میں امریکہ کے محکمہ مالیات نے کہا ہے کہ یہ تعزیرات کریملن کے خلاف کارروائی کا حصہ ہیں جس میں نیٹ ورکس اور ٹیکنالوجی کی کمپنیاں پابندیوں سے بچنے کے لیے ٹال مٹول سے کام لے رہی تھیں، جو روسی وفاق کی جنگ سے متعلق کارروائیوں کی سرپرستی میں حصے دار رہی ہیں۔

محکمہ خزانہ کی سربراہ جینیٹ ییلن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اپنی ''بلاجواز جارحیت'' کے ذریعے روس نہ صرف یوکرین کی خودمختاری کی خلاف ورزی کر رہا ہے، بلکہ شہری آبادی اور آبادی کے مراکز کو ہدف بنا رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم پوٹن کی 'وار مشین' کو ہدف بناتے رہیں گے، جس کے لیے ہر طرح کی تعزیرات لگائیں گے، جب تک یہ ''بے مقصد'' لڑائی ختم نہیں کی جاتی۔

چوبیس مارچ کو امریکہ نے روسی دفاعی صنعت سے متعلق درجنوں روسی کمپنیوں کے خلاف پابندیوں کا اعلان کیا تھا، جو یوکرین پر حملے کی حمایت کرتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG