امریکہ کے وزیرخارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ واشنگٹن آگاہ ہے کہ ایران یمن میں لڑنے والے حوثی باغیوں کی مدد کرتا رہا ہے۔
امریکی ٹی وی "پی بی ایس" کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ تہران "جان لے" کہ اگر خطہ میں عدم استحکام ہو رہا ہو یا "جب لوگ کھلے عام دوسرے ملکوں میں جنگ میں ملوث ہوں، تو امریکہ کھڑا دیکھتا نہیں رہے گا۔"
ایران یمن میں سرکاری فورسز اور صدر کے وفادار قبائل کے ساتھ لڑائی میں مصروف شیعہ حوثی باغیوں کی حمایت کی تردید کرتا آیا ہے۔ باغیوں نے گزشتہ ستمبر میں دارالحکومت صنعا پر قبضہ کر لیا تھا اور حالیہ ہفتوں میں دیگر علاقوں میں پیش قدمی کرتے آ رہے ہیں۔ ملک میں خانہ جنگی کی سی صورتحال ہے۔
جان کیری کا کہنا تھا کہ واشنگٹن ان ملکوں کی مدد کرے گا جنہیں ایران سے خطرہ ہو "اور ایران کے اقدامات کی وجہ سے امریکہ اپنے دوستوں اور اتحادیوں کا ساتھ نہیں چھوڑے گا۔"
سعودی عرب نے اپنے عرب اور خلیجی اتحادیوں کے ساتھ مل کر گزشتہ ماہ کے اواخر سے یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف فضائی کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں اور اس فوجی آپریشن میں معاونت کے لیے اس نے کئی دیگر ملکوں سے بھی رابطہ کر رکھا ہے۔
ایک روز قبل ہی امریکی عہدیداروں نے بتایا تھا کہ امریکہ سعودی عرب کو اسلحے کی فراہمی تیز کرنے کے علاوہ انٹیلی جنس معلومات کی فراہمی کا عمل بھی بڑھا رہا ہے۔