رسائی کے لنکس

سابق امریکی خاتونِ اول کی آخری رسومات


سابق صدر جارج بش، وزیر خارجہ ہلری کلنٹن، اور خاتون اول مشیل اوباما کیلیفورنیا میں بیٹی فورڈ کی جنازہ تقریب میں شریک ہیں۔
سابق صدر جارج بش، وزیر خارجہ ہلری کلنٹن، اور خاتون اول مشیل اوباما کیلیفورنیا میں بیٹی فورڈ کی جنازہ تقریب میں شریک ہیں۔

امریکہ کی سابق خاتونِ اول بیٹی فورڈ کو جمعرات کے روز آخری رسومات کی ادائیگی کے بعد شمالی ریاست مشی گن میں واقع ان کے آبائی قصبہ میں سپردِ خاک کردیا جائے گا۔

مسز فورڈ کی میت بدھ کی رات مشی گن کے قصبہ گرینڈ ریپڈز پہنچائی گئی تھی جہاں سینکڑوں افراد نے ان کے جنازے میں شرکت کی اور ان کا آخری دیدار کیا۔

سابق صدر جیرالڈ فورڈ اور ان کی اہلیہ بیٹی فورڈ (فائل فوٹو)
سابق صدر جیرالڈ فورڈ اور ان کی اہلیہ بیٹی فورڈ (فائل فوٹو)

مسز فورڈ کی آخری رسومات جمعرات کے روز قصبہ کے اسی گرجا گھر میں ادا کی جائیں گی جہاں ان کی سابق صدرِ امریکہ جیرالڈ فورڈ سے شادی کی رسم ادا کی گئی تھی۔ آخری رسومات کی ادائیگی کے بعد مسز فورڈ کی میت کو جیرالڈ فورڈ کے نام سے موسوم صدارتی عجائب گھر میں ان کے شوہر کے پہلو میں سپردِ خاک کردیا جائے گا۔

سابق خاتونِ اول 93 برس کی عمر میں گزشتہ جمعہ کے روز انتقال کرگئی تھیں۔ مسز فورڈ کی یاد میں منگل کے روز کیلی فورنیا میں ہونے والی تقریب میں کئی اہم شخصیات کے علاوہ خاتوِنِ اول مشیل اوباما اور سابق صدر جارج ڈبلیو بش نے بھی شرکت کی تھی۔

آنجہانی سابق خاتونِ اول حقوقِ نسواں کی علمبردار تھیں جبکہ وہ خواتین کی صحت کے بارے میں شعور و آگہی پیدا کرنے کی کوششوں میں بھی سرگرم رہیں۔

بطورِ خاتونِ اول بیٹی فورڈ نے ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران خواتین کے حقوق، غیر ازدواجی تعلقات اور اسقاطِ حمل پر اظہارِ خیال کرکے عوامی توجہ حاصل کرلی تھی۔ وہ 1974ء سے 1977ء تک خاتونِ اول رہیں۔ وائٹ ہاؤس میں قیام کے دوران ہی ان میں چھاتی کے سرطان کی تشخیص ہوئی جس کے بعد انہوں نے اس مرض کی تحقیق اور اس کے بارے میں آگہی پیدا کرنے کی مہم میں اہم کردار ادا کیا۔

بعد ازاں بیٹی فورڈ نے شراب اور دافعِ درد ادویات کا عادی ہونے کا اعتراف کیا اور زیرِعلاج رہیں۔ 1982ء میں سابق خاتونِ اول نے کیلی فورنیا میں 'بیٹی فورڈ سینٹر' کی بنیاد رکھی جسے آج بھی نشے کے شکار افراد کے علاج کے ایک معروف اور معتبر ادارے کی حیثیت حاصل ہے۔

2006ء میں انتقال کرجانے والے سابق صدر جیرالڈ فورڈ بیٹی کے دوسرے شوہرتھے۔ دونوں کی شادی 1948 ء میں آنجہانی فورڈ کے کانگریس کا رکن منتخب ہونے کے تھوڑے ہی عرصے کے بعد ہوئی تھی۔

1973ء میں اسپائرو ایگنیو کے استعفیٰ کے بعد مسٹر فورڈ نائب صدر بن گئے تھے۔ 1974ء میں واٹرگیٹ اسکینڈل کے باعث صدر رچرڈ نکسن کے مستعفی ہونے کے بعد جیرالڈ فورڈ صدر کے عہدے پر فائز ہوئے تو وہ اور بیٹی وائٹ ہاؤس منتقل ہوگئے تھے۔

XS
SM
MD
LG