رسائی کے لنکس

ایران کا 100 طیاروں کی خریداری کے لیے بوئنگ کمپنی سے معاہدہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

عابد زادہ نے کہا کہ ایران کے زیادہ تر مسافر طیارے پرانے ہیں اور ان کو تبدیل کرنے کی اشد ضرورت ہے تاہم بوئنگ کمپنی امریکی وزرات خزانہ کی طرف سے اس معاہدے کی توثیق کی منتظر ہے۔

کمرشل طیارے بنانے والی امریکی کمپنی بوئنگ نے ایران کو 100 مسافر طیارے فروخت کرنے کے ایک معاہدہ پر اتفاق کیا ہے۔

یہ بات ایران کے شہری ہوابازی کے حکام نے بتائی ہے۔

یہ سمجھوتہ ان تین الگ الگ معاہدوں میں سے ایک ہے جو ایران نے واشنگٹن کی طرف سے جنوری میں ایران پر عائد پابندیاں اٹھا ئے جانے کے بعد مغربی طیارہ ساز کمپنیوں کے ساتھ تقریباً 200 طیارے خریدنے کے لیے کیے ہیں۔

ایران کے شہری ہوابازی کے سربراہ علی عابدزادہ نے کہا کہ،" ہمارے ملک کے پاس 250 طیارے ہیں، ( ان میں سے ) 230 کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے"۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ان طیاروں کی فراہمی کے لیے وقت کا تعین نہیں کیا گیا ہے۔

عابد زادہ نے کہا کہ ایران کے زیادہ تر مسافر طیارے پرانے ہیں اور ان کو تبدیل کرنے کی اشد ضرورت ہے تاہم بوئنگ کمپنی امریکی وزرات خزانہ کی طرف سے اس معاہدے کی توثیق کی منتظر ہے۔

ایک اندازے کے مطابق بوئنگ کمپنی سے طیارے خریدنے کے اس معاہدے کی مالیت 17 ارب ڈالر ہے اور اگر س معاہدے پر عمل درآمد ہوتا ہے تو یہ گزشتہ کئی دہائیوں کے بعد پہلی بار ہوگا کہ ایران بوئنگ کمپنی سے طیارے خریدے گا۔

رواں سال جنوری میں ایران نے طیارے بنانے والی یورپی کمپنی ائیر بس سے 118 طیارے خریدنے کے لیے ابتدائی سمجھوتے پر اتفاق کیا تھا، اس معاہدے کے لیے بھی امریکی وزرات خزانہ کی طرف سے منظوری آنی ابھی باقی ہے۔

اس معاہدے کے لیے بھی امریکی عہدیداروں کی منظوری ضروری ہے کیونکہ ایئر بس کے طیارے میں استعمال ہونے والا 10 فیصد سامان امریکہ کا بنا ہوا ہے۔

XS
SM
MD
LG