رسائی کے لنکس

امریکہ: دہشت گردی کے شبہ میں پانچ افراد گرفتار


امریکی خفیہ ادارے 'فیڈرل بیورو آف انٹیلی جنس (ایف بی آئی)' نے پانچ افراد کو حراست میں لیا ہے جو مبینہ طور پر امریکی ریاست اوہائیو کے شہر کلیو لینڈکے نزدیک ایک پل کو دھماکے سے اڑانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

امریکہ کے محکمہ انصاف کی جانب سے منگل کو جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 'ایف بی آئی' کی 'جوائنٹ ٹیررازم ٹاسک فورس' نے پانچوں مشتبہ ملزمان کو پیر کی شام حراست میں لیا ہے۔

کلیولینڈ کی ضلعی عدالت میں استغاثہ کی جانب سے پیش کیے جانے والے ابتدائی چالان کے مطابق تین گرفتار شدگان نے خود کو "حکومت کے دشمن" کی حیثیت سے متعارف کرایا ہے۔

حکام کے مطابق مذکورہ تینوں ملزمان گزشتہ کئی ماہ سے دہشت گردی کی مختلف وارداتوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

چالان میں کہا گیا ہے کہ منصوبے کے ابتدائی خط و خال کے مطابق ملزمان نے قانون نافذ کرنے والے مقامی اہلکاروں کے خلاف دھواں خارج کرنے والے دستی بم استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا تھا جس کی آڑ میں وہ کلیو لینڈ کے مرکز میں واقع اہم عمارات پر نصب معاشی اداروں کے نشانات گرانا چاہتے تھے۔

استغاثہ کے مطابق بعد ازاں ملزمان نے 'اسموک بموں' کی جگہ 'سی-4' دھماکہ خیز مواد استعمال کرنے کا فیصلہ کیا جب کہ منصوبے میں مزید تبدیلی کرتے ہوئے شہر کے نزدیک واقع ایک پل کو ہدف کے طور پر منتخب کیا۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ گرفتار ملزمان کی مبینہ منصوبہ بندی کا القاعدہ رہنما اسامہ بن لادن کی پہلی برسی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

محکمہ انصاف کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے جس دھماکہ خیز مواد کے استعمال کا فیصلہ کیا تھا اس سے عوام کو کوئی خطرہ لاحق ہونے کا امکان نہیں تھا۔

حکام کے مطابق انہوں نے ملزمان کو 'ایف بی آئی' کے ایک خفیہ اہلکار کی مدد سے گرفتار کیا ہے۔ ملزمان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG