رسائی کے لنکس

امریکہ: چرچ پر فائرنگ سے کم از کم نو افراد ہلاک


پولیس نے مشتبہ حملہ آور کے بارے میں کہا ہے کہ یہ 21 سال کا ایک سفید فام نوجوان ہے جس نے نیلی جینز اور گرے رنگ کی شرٹ پہن رکھی ہے۔

امریکہ کی ریاست جنوبی کیرولینا میں ایک چرچ پر فائرنگ سے کم ازکم نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

چارلسٹن نامی شہر میں ایک تاریخی چرچ پر فائرنگ کا یہ واقعہ بدھ کو دیر گئے پیش آیا اور پولیس کے مطابق حملہ آور کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

ایمینوئل افریقن میتھوڈسٹ چرچ جنوبی خطے میں سیاہ فام امریکیوں کا قدیم ترین چرچ ہے۔

مقامی پولیس کے سربراہ گریگوری ملن نے صحافیوں کو بتایا کہ آٹھ افراد کی لاشیں چرچ کے اندر سے برآمد ہوئیں جب کہ ایک زخمی نے اسپتال پہنچ کر دم توڑا۔ واقعے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا جو اسپتال میں زیر علاج ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ " یہ ناقابل فہم ہے کہ آج کل کے معاشرے میں کوئی چلتا ہوا ایک چرچ میں آئے اور وہاں عبادت کے لیے جمع لوگوں کی جان لے لے۔"

ان کے خیال میں یہ "نفرت پر مبنی" کارروائی تھی۔

پولیس نے مشتبہ حملہ آور کے بارے میں کہا ہے کہ یہ 21 سال کا ایک سفید فام نوجوان ہے جس نے نیلی جینز اور گرے رنگ کی شرٹ پہن رکھی ہے۔ اس کی تلاش کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔

مرنے والوں کی شناخت کے بارے میں سرکاری طور پر تاحال کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے کی پولیس کو یہاں ایک بم کی اطلاع بھی ملی لیکن پولیس کے سربراہ کا کہنا تھا کہ یہاں مکمل تلاشی کے بعد علاقے کو کلیئر قرار دے دیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG