رسائی کے لنکس

ایک دوسرے کے مفادات کا احترام ضروری:چینی نائب صدر


چینی نائب صدر ژی شین پنگ امریکی سینیٹ میں اکثریتی لیڈر ہیری ریڈ سے ہاتھ ملاتے ہوئے
چینی نائب صدر ژی شین پنگ امریکی سینیٹ میں اکثریتی لیڈر ہیری ریڈ سے ہاتھ ملاتے ہوئے

’چین ایشیا پیسفک خطے میں امریکہ کے "مثبت کردار" کا خیر مقدم کرتا ہے‘

چین کےنائب صدر ژی شین پنگ نے کہا ہےکہ دنیا کی دوبڑی معاشی طاقتوں، چین اور امریکہ، کو ایک دوسرے کے بنیادی مفادات اور اہم خدشات کا احترام کرنا چاہیے۔

بدھ کو واشنگٹن میں اپنےاعزاز میں دیے گئے ایک ظہرانے سےخطاب کرتے ہوئے چینی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ان کا ملک ایشیا پیسفک خطے میں امریکہ کے"مثبت کردار‘‘ کا خیر مقدم کرتا ہے۔

'یو ایس-چائنا بزنس کونسل' اور'نیشنل کمیٹی آن یوایس-چائنا ریلیشن' کی جانب سے مشترکہ طور پر دیے گئے اس ظہرانے سے چینی نائب صدر کی اس تقریر کو ان کے گزشتہ چار روز سے جاری دورہ امریکہ کے دوران میں کی گئی تقاریر میں سب سے اہم قرار دیا جارہا ہے۔

چینی نائب صدر کے ہمراہ چین کے کئی نمایاں ترین کاروباری رہنما بھی امریکہ آئے ہیں۔

نائب صدر ژی نے بدھ کو واشنگٹن میں کانگریس کے رہنماؤں سے ملاقات کی جس کے بعد وہ مغربی امریکی ریاست آئیووا کے دورے پر روانہ ہوگئے۔

چینی نائب صدر جمعہ کو وطن واپسی سے قبل کیلی فورنیا بھی جائیں گے۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ مسٹر ژی رواں برس کے اختتام پر چین کی حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی کی قیادت سنبھالیں گے جس کے بعد 2013ء میں وہ ملک کے صدر ہوں گے۔

چینی نائب صدر کی اس اہم حیثیت کے پیشِ نظر ان کے دورہ امریکہ کو دونوں ملکوں میں بہت اہمیت دی جارہی ہے۔ چینی ذرائع ابلاغ نے امریکہ-چین تعلقات کو دنیا بھر میں اہم ترین قرار دیتے ہوئے اس دورے کو بھرپور کوریج دی ہے۔

قبل ازیں نائب صدر ژی نے منگل کو وہائٹ ہاؤس میں صدر براک اوباما اور اپنے امریکی ہم منصب جو بائیڈن سے ملاقاتیں کی تھیں۔

وہائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں کےدوران میں امریکی رہنماؤں نے چین میں انسانی حقوق کی پامالی سے متعلق مخصوص مقدمات اور تبت کی صورتِ حال پر بھی بات کی۔

XS
SM
MD
LG