رسائی کے لنکس

عراقی حکومت مظاہرین پر سختی نہ کرے، پومپیو


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے عراقی وزیر اعظم عادل عبدالمہدی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے اور عراق میں احتجاجی مظاہروں کے دوران ہلاکتوں کی مذمت کی ہے۔ انھوں نے عراقی حکومت سے کہا کہ وہ ’’انتہائی تحمل‘‘ کا مظاہرہ کرے۔

یہ بات امریکی محکمہ خارجہ نے منگل کو ایک بیان میں کہی۔

پومپیو نے عراق میں پرتشدد کارروائیوں کی مذمت کی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کرنے والوں کو احتساب کے کٹہرے میں لانے پر زور دیا۔

انھوں نے کہا کہ جمہوری حکومتوں میں پرامن مظاہرے کرنا عوام کا بنیادی حق ہے۔ لیکن مظاہروں میں تشدد کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی، چاہے سیکورٹی فورسز ہوں یا مظاہرین۔

عراق میں ایک ہفتے سے جاری حکومت مخالف مظاہروں میں اب تک 100 سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ چھ ہزار سے زیادہ افراد زخمی ہوئے۔

عراقی صدر برہام صالح نے پیر کو ٹیلی ویژن پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے حکومت مخالف مظاہروں اور ذرائع ابلاغ پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ان میں ملوث افراد کو ’’جرائم پیشہ عناصر‘‘ اور ’’دشمن‘‘ قرار دیا تھا۔

حکومت مخالف مظاہروں کی وجہ بدعنوانی اور بے روزگاری میں اضافہ بتائی جاتی ہے لیکن اب سیاسی نظام کی مکمل اصلاح کا مطالبہ بھی فہرست میں شامل ہوگیا ہے۔

صدر صالح نے کہا کہ عراق پہلے ہی تباہ حالی، خون خرابے اور دہشت گردی سے متاثر ہے۔ البتہ انھوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ بغداد کے ’صدر سٹی‘ میں مظاہرین کے ساتھ ’’ضرورت سے زیادہ سختی برتی گئی۔‘‘

XS
SM
MD
LG