رسائی کے لنکس

امریکہ: 2015 کے لیے حکومتی اخراجات کے حتمی معاہدے پر اتفاق


نئے پیکج کے تحت ماسوائے ہوم لینڈ سکیورٹی کے تمام حکومتی اداروں کو آئندہ ایک سال کے لیے فنڈز مہیا ہوں گے۔

امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹ اور ریپبلکن رہنما 1.1 کھرب ڈالرز کے اخراجاتی مسودے کے معاہدے پر متفق ہو گئے ہیں جس سے وفاقی حکومت کو آئندہ سال کے لیے فنڈز دستیاب ہو سکیں گے۔

اخراجاتی پیکچ کو منگل کو دیر گئے حتمی شکل دی گئی اور یہ ایک ایسے وقت ہوا جب حکومت کے اخراجات کی معیاد ختم ہونے میں صرف دو دن باقی رہ گئے ہیں۔

نئے پیکج کے تحت ماسوائے ہوم لینڈ سکیورٹی کے تمام حکومتی اداروں کو فنڈز مہیا ہوں گے۔ ہوم لینڈ سکیورٹی کے پاس 27 فروری تک کے اخراجات کے لیے فنڈ موجود ہیں۔

توقع ہے کہ کانگریس میں آئندہ ماہ پوری طرح کنٹرول حاصل کرنے والے ریپبلکنز اخراجات کو محدود کر کے صدر براک اوباما کو ان کے حالیہ ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے تقریباً پچاس لاکھ تارکین وطن کو ملک بدری سے بچانے کے فیصلے کو محدود کرنے کے لیے استعمال کریں گے

سمجھوتے کے نتیجے میں تیار کیے گئے مسودے میں مغربی افریقہ میں ایبولا سے نمٹنے کے لیے پانچ ارب ڈالر کا اضافہ کیا گیا لیکن ماحولیاتی تحفظ کی ایجنسی کے لیے فنڈز میں کٹوتی کی گئی۔

مزید برآں امریکی مالی شعبے کو مربوط کرنے کے لیے 2010ء کے قانون میں بعض نرمیاں بھی کی گئیں۔

ریپبلکنز کی اکثریت والے ایوان نمائندگان میں اس مسودے پر جمعرات کو رائے شماری کی جائے گی جبکہ ڈیموکریٹ کی اکثریت والی سینیٹ میں اس کے چند بعد ووٹ ڈالے جائیں گے۔

قانون ساز ایک مختصر مدت کے اخراجاتی بل کو منظور کرنے کی تیاری کر رہے ہیں جس کے تحت حتمی مسودے کی منظوری تک حکومت کو اخراجات کی اجازت دی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG